Chitral Times

May 14, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

الخدمت، فلسطین ریلیف، ناقدین اور حقائق – عالمگیر خان

Posted on
شیئر کریں:

الخدمت، فلسطین ریلیف، ناقدین اور حقائق – عالمگیر خان

میں یہ تحریر ان تمام لوگوں کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے لکھ رہا ہوں جو سوشل میڈیا پر یہ مؤقف اپنائے ہوئے ہیں کہ الخدمت صرف چندہ اکٹھا کر رہی ہے اور فلسطین میں امداد پہنچانا ممکن ہی نہیں۔

یہ بات بالکل درست ہے کہ موجودہ حالات میں فلسطین میں امداد پہنچانا ایک انتہائی پیچیدہ عمل ہے، لیکن یہ کہنا کہ کوئی امداد کر ہی نہیں رہی، نہ صرف غلط ہے بلکہ زمینی حقائق سے لاعلمی کا مظہر بھی ہے۔

میں خود بطور ایک فخر سے کام کرنے والے ملازم، الخدمت کے ساتھ دو سال سے زائد عرصے سے وابستہ رہا ہوں اور جنوری 2025 میں ایک اور ادارے سے منسلک ہو چکا ہوں، اس لیے میں کسی طور پر جانبدار یا متعصب نہیں ہو ں۔ میرا مقصد صرف حقیقت کو اجاگر کرنا ہے، جس کا میں براہِ راست گواہ ہوں۔

اسی دوران مجھے فلسطین ریلیف آپریشن کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ یہ وہ وقت تھا جب صرف باتیں نہیں بلکہ عملی اقدامات درکار تھے۔ میں اس عمل کا گواہ ہوں کہ کس طرح الخدمت نے ہر مشکل کے باوجود خدمت کا راستہ اپنایا۔

یہ سوال بار بار اٹھایا جا رہا ہے کہ الخدمت یہ سب کیسے ممکن بنا رہی ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ الخدمت نے نہ صرف موثر partnerships بنائی ہیں بلکہ بین الاقوامی معیار کی کوآرڈینیشن، شفاف لاجسٹک نظام، اور مقامی و عالمی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ بھی قائم رکھا ہے۔ الخدمت اس وقت مختلف Logistics Clusters کا باقاعدہ حصہ ہے، جہاں دنیا بھر کی تنظیمیں مشترکہ حکمت عملی اور معلوماتی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتی ہیں۔

یہ کہنا کہ صرف IRC یا UNRWA کو اجازت ہے یا تھی، حقیقت سے بعید ہے۔ میں خود مصر گیا اور IRC سمیت کئی اداروں سے ملاقات کی، جن میں تمام وہ ادارے شامل ہے جو غزہ میں براہ راست کام کر رہی ہے۔ الخدمت کی سرگرمیاں انہی اداروں کے تعاون، اعتماد اور مربوط نظام کا نتیجہ ہیں۔

الخدمت روزانہ غزہ کے اندر مخصوص علاقوں میں ہزاروں افراد کے لیے گرم کھانا اور 14 cubic meter صاف پینے کا پانی تقسیم کر رہی ہے۔ مصر میں 40 سے زیادہ مہاجر فلسطینی خاندانوں کو مکمل بنیادی سہولیات کے ساتھ رہائش فراہم کی گئی ہے، جبکہ تین سو سے زائد خاندانوں کو کرایے کی مد میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ جنگ سے متاثرہ 700 سے زائد طلبہ کو پاکستان لا کر ان کی تعلیم مکمل کروائی جا رہی ہے۔ اسی طرح ترکی میں 30 سے زائد میڈیکل کے طلبہ کو ماہانہ تین سو امریکی ڈالر وظیفہ دیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ اب تک الخدمت 21 فضائی کارگو اور 03 بحری جہازوں کے ذریعے 4500 ٹن امدادی سامان غزہ پہنچا چکی ہے۔ ان تمام سرگرمیوں پر الخدمت اب تک 06 ارب پاکستانی روپے سے زائد خرچ کر چکی ہے۔

 

ان سرگرمیوں کی کامیابی صرف partnerships تک محدود نہیں رہی، بلکہ الخدمت نے پاکستان میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کیا تاکہ ہر قدم ریاستی اجازت اور تعاون کے ساتھ اٹھایا جائے۔ اسی طرح، پاکستانی سفارتخانوں نے مصر اور اردن میں الخدمت کے تمام امور میں مسلسل معاونت فراہم کی۔ مصر میں الخدمت نے Egyptian Red Crescent (ERC) کے ساتھ شراکت داری میں براہِ راست امداد کی ترسیل ممکن بنائی، جبکہ اردن میں Jordanian Hashemite (JHCO) Charity Organization کے ساتھ مل کر فلسطینیوں تک ضروریات زندگی کی اشیاء پہنچائی گئیں۔ ان دونوں ممالک میں امدادی سرگرمیوں کی اجازت، لاجسٹک رسائی اور فراہمی میں یہ partnerships نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان اداروں کے ساتھ اشتراک کے بغیر نہ تو سامان کی تقسیم ممکن ہوتی، نہ ہی متاثرہ خاندانوں تک رسائی۔

 

کچھ لوگ اس پر بھی تنقید کرتے ہیں کہ الخدمت ایک مذہبی جماعت سے وابستہ ادارہ ہے، اور اس لیے اس کی غیر جانبداری مشکوک ہے۔ میں خود ایک اسماعیلی مسلمان ہوں اور باوجود نظریاتی اختلافات کے، میں نے الخدمت میں جو عزت، اعتماد اور اختیار پایا وہ میرے لیے قابلِ فخر ہے۔ نہ کبھی مجھ سے میرے عقیدے کی بنیاد پر امتیاز برتا گیا، نہ کوئی مذہبی ایجنڈا تھوپا گیا۔ مجھے مکمل آزادی، عزت اور اعتماد کے ساتھ ذمہ داریاں دی گئیں۔

الخدمت کا تعلق کسی خاص جماعت سے جوڑ کر اُس کی خدمات کو مشکوک بنانا درحقیقت اُن لاکھوں مظلوموں کے ساتھ ناانصافی ہے جو اس ادارے کی بدولت آج بھی زندہ ہیں، پڑھ رہے ہیں، کھا پی رہے ہیں اور بہتر کل کی امید رکھے ہوئے ہیں۔

آج، ایک بار پھر الخدمت نے وہی کردار ادا کیا ہے جو وہ ہمیشہ انسانی بحرانوں میں ادا کرتا آیا ہے۔ چاہے وہ کشمیر ہو، سیلاب زدہ علاقے ہوں یا کسی دوسرے ملک کی جنگ زدہ بستیاں، الخدمت نے ہمیشہ انسانیت کی بنیاد پر خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے۔

 

chitraltimes alkhidmat relief plastine 2

chitraltimes alkhidmat relief plastine 3

chitraltimes alkhidmat relief plastine 1

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
101528