Chitral Times

Dec 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اسماعیلی امامت کی جانب سے پاکستان میں سیلاب کی امدادی کوششوں کے لیے 10 ملین ڈالر کا عطیہ

Posted on
شیئر کریں:

 

اسماعیلی امامت کی جانب سے پاکستان میں سیلاب کی امدادی کوششوں کے لیے 10 ملین ڈالر کا عطیہ

 

لزبن، پرتگال (چترال ٹایمز رپورٹ )  اسماعیلی امامت نے پاکستان میں  شدید سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے 10 ملین امریکی ڈالرز امداد کا اعلان کیا۔اس امداد میں سے 5ملین امریکی ڈالرز براہ راست پاکستانی حکومت کو دئیے جائیں گے جبکہ باقی 5ملین امریکی ڈالرز، امدادی کوششوں میں مصروف،آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک  (AKDN) کے اداروں کو فراہم کیے جائیں گے۔

 

اس عطیے کا اعلان ، اتوار کے دن، وزیر اعظم پاکستان، میاں محمد شہباز شریف  اور شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کے49ویں امام ، ہز ہائنس دی آغا خان کے بڑ ے صاحبزادے اور AKDN کی انوائرنمنٹ اینڈ کلائمٹ کمیٹی کے سربراہ، پرنس رحیم آغا خان  کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد کیا گیا ۔

 

اس موقع پر  پرنس رحیم نے کہا ”مجھے پاکستان میں موجودہ سیلاب کے اثرات پر گہری تشویش ہے، جس نے موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے مزید شدت اختیار کر لی  ہے۔ یہ  سیلاب اور دیگر کئی موسمی تبدیلیاں، جن کا ہم  دنیا بھر میں سامنا کر رہے ہیں، تقاضا کرتے ہیں کہ ہم یعنی حکومت، کاروباری ادارے، کمیونٹیز اور افراد ،اس موسمی بحران کو جس کا ہمیں خطرہ  ہے، اس سے نمٹنے کے لیے ، اپنی کوششیں دوگنا کردیں۔ اسماعیلی امامت کے اداروں کو  حکومت کی مدد اور بحالی کی کوششوں میں اضافے کے لیے پہلے ہی متحرک کیا جا چکا ہے۔“

 

گفتگوکے دوران وزیر اعظم نےپاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے اسماعیلی امامت اور AKDN کے اداروں کی مستحکم حمایت  کو سراہا۔اُنھوں نے  ،پاکستان کی آزادی سے اب تک  AKDN کے اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی خدمات کے لیے بھی اپنے دلی احترام کا اظہار کیا۔

 

آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے دی آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ اور FOCUS،  امدادی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔سیلاب کے آغاز سےاب تک 8,000 سے زائد افراد کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ،کامیابی کے ساتھ، نکالا جاچکا ہے جبکہ 4,000 سے زائد خاندانوں کوفوڈ پیکیجز فراہم کیے جا چکے ہیں۔آغا خان یونیورسٹی اور آغا خان ہیلتھ سروس کی جانب سے ملک کے کئی حصوں میں ہیلتھ کیئر کیمپس لگائے گئے ہیں جن کے ذریعے 2،000 سے زائد سیلاب سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی گئی ہے۔

 

HBL Bankاور جوبلی لائف انشورنس، دونوں آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ پورٹ فولیو کا حصہ ہیں، 12,000 سے زائد خاندانوں کو خوراک اور واٹر پروف خیمے فراہم کرنے کی امدادی کوششوں میں سرگرم ہیں۔مزید ، حکومت پاکستان کی جانب سے HBL کے Konnect پلیٹ فارم کے ذریعے 10 لاکھ سے زائد افراد کو

social safety payments کی جا رہی ہیں۔

 

آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کا ہیلی کاپٹر بھی  ریسکیو کے کاموں میں حصہ لےرہا ہے اور  چترال و گلگت-بلتستان کے دور دراز علاقوں میں خوراک اور ادویات کی فراہمی میں مدد کر رہا ہے۔

chitraltimes akdn relief to flood hit areas of chitral by helicopter 3


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
65584