Chitral Times

وزیر اعظم پاکستان نے یوم تکبیر پر ملک بھر میں سرکاری چھٹی کا اعلان کر دیا

Posted on

وزیر اعظم پاکستان نے یوم تکبیر پر ملک بھر میں سرکاری چھٹی کا اعلان کر دیا

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن 28 مئی یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی کا اعلان کر دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، 28 مئی کو پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر، اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئیں، یوم تکبیر پر ہم یہ عہد کریں کہ نہ صرف بیرونی دشمنوں بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیاہے۔ اور نوٹفیکشن بھی جاری کردیا گیا تاہم صوبے تمام تعلیمی بورڈز کے زیراہمتمام جاری امتحانات جاری رہیں گے۔ اور 28مئی کے پرچے شیڈول کے مطابق ہونگے۔

chitraltimes federal cabinet public holiday notification 28may

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 23 دہشتگرد ہلاک، 7 جوان شہید

راولپنڈی(سی ایم لنکس)خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے تین آپریشنز کئے جس میں 23 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 7 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشنز 26 اور 27 مئی کے درمیان کئے گئے، 26 مئی کو حسن خیل میں آپریشن کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے، دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے، آپریشن میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 27 مئی کو ضلع ٹانک میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی گئی، کارروائی میں 10 دہشتگرد مارے گئے، تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا، آپریشن میں 7 دہشتگرد مارے گئے، دو زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہداء میں نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش شامل ہیں، سپاہی تیمور ملک اور سپاہی نادر صغیر بھی شہید ہوئے، آپریشن میں سپاہی محمد یاسین بھی شہید ہوگئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک محمد اشفاق بٹ شہید کی عمر 32 سال جبکہ ان کا تعلق ضلع کہوٹہ سے ہے، نائیک محمد اشفاق بٹ شہید نے 10سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں، نائیک محمد اشفاق بٹ شہید نے سوگواران میں اہلیہ، 1 بیٹی اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔ضلع پونچھ کے رہائشی لانس نائیک سید دانش افکار شہید کی عمر30سال ہے، لانس نائیک سید دانش افکار شہید نے 6 سال تک پاک فوج میں مادرِ وطن کے دفاع کے فرائض سر انجام دیئے، لانس نائیک سید دانش افکار شہید نے سوگواران میں والدین، بہن، بھائی اور اہلیہ چھوڑی ہے۔32 سالہ سپاہی تیمور ملک شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے، سپاہی تیمور ملک شہید نے 11 سال تک دفاع وطن کے فرائض سر انجام دیئے، سپاہی تیمور ملک شہید نے سوگواران میں والدین، بہن، بھائی اور اہلیہ چھوڑی ہے۔

 

شہداء میں سب سے کم عمر 22 سالہ سپاہی نادر صغیر شہید ہیں، سپاہی نادر صغیر شہید ضلع باغ کے رہائشی ہیں، سپاہی نادر صغیر شہید نے 2سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، سپاہی نادر صغیر شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔سپاہی محمد یاسین شہید کی عمر23سال جبکہ اْن کا تعلق ضلع خوشاب سے ہے، سپاہی محمد یاسین شہید نے ڈیڑھ سال پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں، سپاہی محمد یاسین شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کا عزم کررکھا ہے، ہمارے جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
89451