Chitral Times

ہر محکمہ ماہانہ کم از کم ایک کھلی کچہری کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری

Posted on

ہر محکمہ ماہانہ کم از کم ایک کھلی کچہری کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ہر محکمہ ماہانہ کم از کم ایک کھلی کچہری کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ چیف سیکرٹری نے یہ ہدایات پشاور میں سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کے بارے میں عوام کو پہلے سے آگاہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد براہ راست حصہ لے سکیں اور اور مسائل کا حل ممکن ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلی کچہریاں سوشل میڈیا کے ذریعے کی جائیں جن میں محکمے کے سیکرٹری اور دیگر افسران شریک ہوں اور متعلقہ وزیر کو بھی مدعو کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وہ خود بھی اسی نوعیت کی کھلی کچہری کا انعقاد کرینگے۔ اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور دیگر مختلف انتظامی امور زیر غور لائے گئے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ فائل ٹریکنگ سسٹم پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور کہا کہ آئندہ انکا آفس کوئی بھی فائل ٹریکنگ سسٹم کے بغیر وصول نہیں کرے گا۔

 

چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ سرکاری اشتہارات کی مد میں واجبات کی ادائیگی کے لئے محکمہ اطلاعات کے ساتھ ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائیں تاکہ اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی جلد ممکن ہو سکے۔ اسی طرح تمام سرکاری اشتہارات کا اجرائبھی صرف اور صرف محکمہ اطلاعات کے ذریعے ہی کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ خزانہ کو تین سال سے خالی اسامیوں کی نشاندہی کرکے متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کی مشاورت سے ایسی تمام زائد آسامیوں کو ختم کرنے کی ہدایت کی جو صوبائی خزانے پر بوجھ ہیں۔ انھوں نے ہدایت کی کہ محکمے مختلف اسامیوں کو صوبائی سرپلس پول سے پر کرنے کو ترجیح دیں۔ اجلاس میں کلاس فور ملازمین کے لئے تعلیمی قابلیت میڑک کرنے کے لئے رولز میں ترامیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے حوالے سے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر موصول شکایات کے ازالے سے مطمئن افراد کا تناسب 55 فیصد ہے جو کہ قومی سطح پر دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 63 آبی گزر گاہوں سے 119 تجاوزات کو ہٹایا گیا جس کے دوران 335 کنال سرکاری اراضی بھی واگزار کرائی گئی۔

 

چیف سیکرٹری نے محکمہ سائنس ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ای گورننس پراجیکٹ کو آزمائشی بنیاد پر شروع کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ پیپرلس گورننس موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے جس سے سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور تیزی آئے گی۔ تاہم مذکورہ نظام میں بہتری لاتے ہوئے کمزوریوں کو دور کرکے ہی مکمل طور پر رائج کیا جا سکے گا۔ چیف سیکرٹری نے کیپرا (خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی) میں مختلف محکموں کے خلاف دائر اپیلوں کے فیصلوں پر عدم عمل درآمد کے بارے میں ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں زیر التوا کیسز بارے فورم کو آگاہ کیا جائے اور کیپرا حکام کو تاکید کی کہ پیچیدہ معاملات میں متعلقہ انتظامی سیکرٹری کی رائے لے کر فیصلہ کریں۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے سول سیکرٹریٹ کمپلیکس ورسک روڈ میں نکاسی آب کے مسائل، تمام محکموں کے لئے بجلی کے علیحدہ میٹر لگانے اور سیکیورٹی انتظامات کو بڑھانے کے لئے سیکرٹری انتظامیہ کو ٹاسک دیا۔ اسی طرح سیکرٹری انتظامیہ کو دیگر محکموں کو دفاتر کے لئے درکار جگہ فراہم کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

 

چیف سیکرٹری کی زیر صدارت چینی ڈیلرز، تاجران اور ملز مالکان کا اجلاس

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت مقامی چینی ڈیلرز اورتاجران سمیت شوگر ملز مالکان کے ساتھ اہم اجلاس سول سکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک اور انڈسٹریز بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اس موقع پرصوبے میں چینی کے سٹاک، بڑھتے ہوئے نرخ اور مجموعی مہنگائی میں اس کے اثرات پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاہم چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ چینی کا بحران پیدا نہ ہو اور نرخ بھی نہ بڑھیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا محکمہ خوراک کے ا فسران اور ملز مالکان آپس میں تعاون کریں محکمہ خوراک ملز کے پاس موجود سٹاک کا ریکارڈ رکھے۔ ملز مالکان بھی اسے اپنے پاس موجود چینی کے ذخیرے سے آگاہ رکھیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہی ہیں تاہم چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں تاجر برادری اور چینی ڈیلرز کا تعاون ضروری ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سمگل شدہ چینی کو تحویل میں لینے کے بعد سرکاری نرخ پر مارکیٹ میں فروخت کردیا جائے گا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78851