Chitral Times

گیس کی قیمت میں 50 فیصد سے زائد اضافے کا خدشہ

Posted on

گیس کی قیمت میں 50 فیصد سے زائد اضافے کا خدشہ

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) نگراں حکومت نے گیس کے شعبے کے نقصانات عوام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد آئندہ ہفتے گیس کی قمیت میں 50 فیصد سے زائد اضافہ متوقع ہے۔ نگراں حکومت نے گیس کے شعبے کے نقصانات عوام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور گیس کے سیکٹر کا سالانہ نقصان 350 ارب روپے ہے جب کہ مجموعی گردشی قرضہ 2700 ارب تک پہنچ چکا ہے۔ذرائع کے مطابق نقصانات کی منتقلی کے بعد گیس کی قیمت میں اضافہ ہوجائے گا، سوئی ناردرن کے ٹیرف میں 415 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن کے لیے 417 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوگا، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اوگرا پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے حتمی منظوری اور قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا، ایل این جی اور قدرتی گیس کے درآمدی ٹیرف کے فرق کو بھی ختم کیا جائے گا۔آئی ایم ایف معاہدے کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، وزارت توانائی اضافے سے متعلق باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کرے گی۔

موبائل فون مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے فروغ کے لیے اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں، ڈاکٹر عمر سیف

اسلام ا ٓباد(سی ایم لنکس)نگراں وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ موبائل فون مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے فروغ کے لیے اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں یو ایس ایڈ و سیلیکون ویلی کے اشتراک سے منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور مزید 2 لاکھ آئی ٹی پروفیشنلز کی تربیت کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔عمر سیف نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ مراعات و سہولتوں کی فراہمی کا پیکج تیار کیا ہے، آئی سی ٹی سیکٹر میں امریکا سمیت عالمی سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہت سے مواقع اور نوجوانوں میں صلاحیتیں موجود ہیں، ملک میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔نگراں وزیر نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے ملک میں دوستانہ ماحول فراہم کر رہے ہیں، فری لانسنگ کے فروغ کے لیے فری لانسرز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری ڈالرز لانے اور لے جانے میں آزاد ہوگی رکاوٹیں دور کررہے ہیں، آئی سی ٹی سیکٹر میں امریکا سمیت عالمی سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار ہے۔

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78997