Chitral Times

گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل قانونی کی عملداری اور آئینی طریقے سے ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی صحافیوں سے گفتگو

Posted on

گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل قانونی عملداری اور آئینی طریقے سے ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی صحافیوں سے گفتگو

گلگت(چترال ٹایمزرپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل قانونی  عملداری اور آئینی طریقے سے ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، مٹھی بھر عناصرکو پورے معاشرے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،حکمت اورہمت کے ساتھ غلط فہمیوں کا خاتمہ کیاجائے گا،ملک میں ایک قوم، ایک قانون اور صرف پاکستان کے نعرے کی ہی گنجائش ہے اگر کسی کوکسی اور سے کوئی امید،خوش فہمی یا غلط فہمی ہے تو وہ دور کرلے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گلگت میں امراض قلب ہسپتال میں او پی ڈی کے افتتاح کے بعدصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے بڑی محبت سے ہمارا استقبال کیا،عوام کی طرف سے جس اپنائیت کا اظہارکیا گیا اس کو میں کبھی بھلانہیں پاؤں گا،گلگت بلتستان مختلف رنگ ونسل کے لوگوں کا گلدستہ ہے، ایک دوسرے کے حقوق کو مساوی تسلیم کرنا معاشرے کی بنیاد ہے، قائداعظم کا پاکستان کیلئے جو وڑن تھا

 

اس کا عملی نمونہ ہمیں گلگت بلتستان میں نظر آتا ہے، ایک دوسرے سے مختلف نقطہ نظر رکھنے کے باوجود مل جل کر زندگی بسر کرنا انسانیت کی معراج ہے، ایک دوسرے کے حقوق کا احترام ضروری ہے، حقوق کے نفاذ کی ذمہ داری ریاست کی ذمہ داری ہے، اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے یہی پیغام لے کر آیا ہوں کہ ہمیں ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنا چاہئے۔اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یہاں پر موجود بھائی چارے کو نقصان پہنچا سکتا ہے تو یہ اس کی بہت بڑی غلط فہمی ہے، وہ اپنی غلط فہمی دور کرلیاگر کسی وجہ سے کوئی غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں تو حکمت اورہمت کے ساتھ ان کو دورکیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے حوصلے پہاڑوں کی طرح بلند ہیں،گلگت بلتستان کے لوگوں کے درمیان جو محبت پائی جاتی ہے اس کی وجہ سے دنیا بھر سے سیاح اس علاقے میں آتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہاں کے جو ائینی معاملات ہیں ان پر بھی گورنر، وزیراعلیٰ، کابینہ کے ارکان اوردیگرمتعلقہ فریقین سے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے،گلگت بلتستان کے مسائل ہرممکن حد تک حل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ یہاں کے لوگ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں اور ایک پروقار زندگی بسر کریں اوران کی شناخت کے حوالے سے جو سوالات ہیں ان کے بھی جلد ائینی جوابات مل جائیں گے،

 

اس حوالے سے وفاقی حکومت جو کچھ بھی کرسکی،کرے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت، معدنیات،توانائی سمیت دیگر اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے طویل المدت حکمت عملی پرکام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سڑکوں کے بنیاد ی ڈھانچے کو بہتر بنانا وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،مٹھی بھر عناصرکو پورے معاشرے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سپریم ایپلٹ کورٹ میں جج کی تعیناتی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ اس حوالے سے جلد خوشخبری سنائیں گے،تعیناتی کیلئے کسی قسم کی کوئی بولی نہیں لگے گی، ہم بولیاں لگانے نہیں بولیوں کا خاتمہ کرنے آئے ہیں، قراقرم یونیورسٹی کے مالی معاملات کو حل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے اندر صرف پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے ہی کا م کرسکتے ہیں اس کے علاوہ کسی ادارے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، پاکستان میں صرف ایک قوم، ایک قانون اور صرف پاکستان کے نعرے کی ہی گنجائش ہے اگر کسی کوکسی اور سے کوئی امید،خوش فہمی یا غلط فہمی ہے تو وہ دور کرلے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ گلگت میں پی ٹی وی کے بیورو آفس کے قیام اورپی ٹی وی پر شینا اور بلتی زبان میں ٹاک شوز شروع کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ یہاں کے سیاسی، معاشی اوردیگر مسائل کو اجاگرکیا جاسکے۔

 

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت میں امراض قلب کے ہسپتال میں او پی ڈی کا افتتاح کیا

گلگت(سی ایم لنکس)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت میں امراض قلب ہسپتال میں او پی ڈی کا افتتاح کردیا۔بدھ کووزیراعظم نے امراض قلب ہسپتال کا دورہ کیا اور تختی کی نقاب کشائی کرکے او پی ڈی کا افتتاح کیا،50بستروں پر مشتمل ہسپتال میں ایمرجنسی،آئی سی یو،سی سی یو،بچوں کی وارڈ اور سرجری سمیت امراض قلب کے علاج کی تمام سہولیات موجود ہیں۔گلگت بلتستان میں امراض قلب کا یہ پہلا ہسپتال ہے۔نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان اوردیگراعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعظم کو ہسپتال میں علاج کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ جون 2024سے ہسپتال مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, مضامینTagged
79134