Chitral Times

کورونا وائرس کے خطرےکے پیش نظراضلاع کی سطح پرڈیزیزسرویلنس سینٹرزقائم کردئے گئے

Posted on

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں صوبائی و اضلاع کی سطح پرڈیزیز سرویلنس سینٹرز قائم کر دئیے گئے
اقدامات کی نگرانی، ریپڈ رسپانس ٹیموں کی مدداور حفاظتی سامان کی مدد یقینی بنائے گا۔
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ‌) محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے کورونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر صوبائی سطح پر اور تمام اضلاع میں ڈیزیز سرویلنس سینٹرز قائم کر دئیے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا، صوبائی ڈیزیز سرویلنس سینٹر کے سربراہ ہوں گے جبکہ پاک فوج، محکمہ داخلہ، تعلیم، اطلاعات، لائیو سٹاک ڈبلیو ایچ او اور محکمہ صحت کے ذیلی اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ صوبائی ڈیزیز سرویلنس سینٹر کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ، تدارک اور نمٹنے کے لیے تیاریوں کی نگرانی کرے گا۔ اسی طرح صوبائی سرویلنس سینٹر ڈسٹرکٹ ریپڈ رسپانس ٹیموں (آر آر ٹی) اور صوبائی ریپڈ رسپانس ٹیم کی کورونا صورت حال پر اقدامات اٹھانے میں مدد فراہم کرے گا۔ سرویلنس سینٹر صوبائی اور ضلع ریپڈ رسپانس ٹیموں کو لاجسٹک سپورٹ اور دیگر سامان اور آلات کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گا۔ صوبائی ڈیزیز سرویلنس سینٹر صوبے میں کورونا وباء سے متعلق ایڈوائزری اور پروٹوکولز کا بھی اجراء کرے گا۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے ایک اور اعلامیے کے مطابق اضلاع کی سطح پر بھی ڈسٹرکٹ ڈیزیز سرویلنس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ڈپٹی کمشنرز ضلع ڈیزیز سرویلنس سینٹرز کے سربراہ ہوں گے۔ سرویلنس سنٹرز ضلع میں کورونا وائرس سے متعلق تمام صورت حال کا جائزہ لیں گے اور صوبائی سینٹر کو آگاہ کریں گے۔ ضلعی ڈیزیز سرویلنس سینٹرز،متعلقہ ضلع کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی سامان کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
32673