Chitral Times

اپرچترال سے ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ڈینگی سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا نے ڈینگی سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نیاز کے مطابق بروقت اقدامات اور عملے کی بھرپور کوششوں سے پچھلے سال کی نسبت امسال ڈینگی سے کم لوگ متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈینگی کا ابھی تک کوئی ایکٹیو کیس موجود نہیں۔ اس سال دس ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔جاری رپورٹ پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نیاز نے کہ ڈینگی کے دوران پشاور، نوشہرہ، ہری پور اور صوابی ہائی رسک اضلاع رہے۔ ضلع پشاور میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 5700 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اپر چترال، اپر کوہستان اور شمالی وزیرستان سے ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ڈی جی ہیلتھ کے مطابق اب تک صرف دس افراد ڈینگی سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ ڈینگی کے دوران خیبرٹیچنگ ہسپتال میں 3328 اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 1206 مریضوں کا علاج ہوا۔ 98 فیصد ڈینگی کے مریض سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہونے کے بعد صحت یاب ہوئے۔


صحت کارڈ پلس میں ہسپتالوں کی رجسٹریشن سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹی تشکیل


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صحت کارڈ پلس میں ہسپتالوں کی رجسٹریشن سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے چئیرمین انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹر ہونگے جبکہ کمیٹی کے اراکین میں محکمہ صحت کے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن، محکمہ صحت کے ڈپٹی سیکرٹری ڈرگز، ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور ڈپٹی چیف ایچ ایس آر یو شامل ہیں۔کمیٹی کے فرائض و زمہ دار یوں میں، چوتھے فیز میں جولائی 2021 سے شامل ہسپتالوں سے متعلق مفصل رپورٹ مرتب کرنا، محکمے کی جانب سے بھیجے گئے انفرادی شکایات کا ازالہ کرنا اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے سے متعلق تجاویز و آرا دینا شامل ہے

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56705

ڈینگی مچھروں سے بچاؤ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھائی ہیں۔ڈپٹی کمشنرچترال لوئر

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) ضلعی انتظامیہ چترال لوئر نے ڈینگی مچھروں سے بچاؤ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھائی ہیں اور اس سلسلے میں ضلع بھر میں اینٹی ڈینگی سپرے کرائی جارہی ہے تاکہ اس خطرناک مچھر کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے جبکہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کواپنانے کے لیے متعدد ہدایات بھی جاری کی ہیں جس میں کھلے پانی اور چھتوں کی ٹینکیوں کو ڈھانپنے کے علاوو بازاروں میں ٹائروں اور دوسرے اشیاء میں پانی کھڑا نہ کرنا شامل ہیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے آفس سے جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے ۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
53517

چترال میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ، لوگوں میں تشویش

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیز ترین اضافے سے عوام میں شدید تشویش کی لہر پیدا ہوگئی ہے ۔ اور اسے چترال کیلئے انتہائی خطرناک قرار دی جارہی ہے ۔ ہیلتھ ذرائع کےمطابق اب تک گرم چشمہ ، ایون اٹانی ، اوچشٹ ، پرانہ سبزی منڈی ، مغلاندہ ، سینگور اور لاہور سے تعلق رکھنے والے سیاح سمیت آٹھ مقامات سے نو افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔ ان مریضوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں ۔ مذکورہ مریضوں میں سے اکثریت نے کچھ دن پہلے سفرکیا تھا ۔ اس لئے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ کہ یہ بیماری باہر سے چترال منتقل ہوئی ۔

لیکن حیرت کی بات یہ ہے ۔ کہ گرم چشمہ اور ایون آٹانی سے تعلق رکھنے والے دو مریض ایسے ہیں جنہوں نے کہیں سفر نہیں کیا ۔ اس کے باوجود وہ ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ڈینگی بخار حالیہ دنوں میں چترال میں پھیلنے والی نئی بیماری ہے ۔ جو کہ بہت تیز رفتاری سے پھیل رہا ہے ۔ اس لئے عوامی حلقوں نے ایک ہفتے کے دوران ڈینگی میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد کوتشویشناک قرار دیا ہے اور اپنے اخباری بیانات میں ڈی ایچ او چترال شہزادہ حیدر الملک سے پر زورمطالبہ کیا ہے۔ کہ اس بیماری کو سنجیدہ لیا جائے ۔ اور اس کے تدارک کیلئے ضلع گیر سطح پر تیز ترین اقدامات اٹھائے جائیں ۔ جس میں خصوصی طورپر فوک سپرےاور آئی آر ایس سپرے انتہائی ضروری ہیں ۔

انہوں نے یہ بھی کہا ۔ کہ سابقہ دور میں ملیریا کے انسداد کیلئے گرمیوں کے موسم میں سالانہ کی بنیاد پر سپرے کئےجاتے تھے ۔ جس سے دیگر مضرحشرات سمیت مچھروں کی بیخ کنی ہوتی تھی۔ لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر سپرے کا وہ عمل بند کردیا گیا ہے ۔ جس سے پہلے سے موجود بیماریوں کے ساتھ اب ڈینگی نے بھی چترال میں اپنے پنجے گاڑنے شروع کر دیےہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا ۔کہ ڈی ایچ او چترال عوام کی پریشانی دور کرنے کیلئے تمام متاثرہ علاقوں میں سپرے کا عمل شروع کروائیں گے ۔ تاکہ ان کے اقدامات سے دیگر لوگ ڈینگی سے محفوظ رہ سکیں ۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
53438

ڈینگی کی روک تھام کیلئے ڈپٹی کمشنرز اورمتعلقہ حکام سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ چیف سیکرٹری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام, ڈینگی کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے لاروا کش سپرے اور فوگنگ کی جائے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے میں ڈینگی کیسز کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنرز، اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک ڈینگی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ صوبے بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 440 ہے جس میں سے 427 صحت یاب ہو چکے ہیں اور باقی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں تواتر کیساتھ لاروا کش سپرے اور فوگنگ سمیت اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری نے صوبے میں جاری انسدادپولیو مہم کا جائزہ بھی لیا۔ چیف سیکرٹری نے پولیو مہمات کے معیار کو مزید بہتر اور موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
52674