Chitral Times

پیٹرولیم اسمگلنگ: آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ و ایف بی آر سے رپورٹ مانگ لی

Posted on

پیٹرولیم اسمگلنگ: آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ و ایف بی آر سے رپورٹ مانگ لی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)بین الاقوامی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں 1 لاکھ 20 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی ماہانہ اسمگلنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر سے رپورٹ مانگ لی۔آئی ایم ایف کی دستاویز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اب تک کے اقدامات پر رپورٹ مانگی گئی ہے۔آئی ایم ایف نے بارڈر پر کسٹم، ایجنسی اہلکار، فورسز کی تعداد اور استعدادِ کار بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔دستاویز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے کسٹم اور لیوی کی مد میں 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے۔آئی ایم ایف نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان میں ماہانہ 143 ملین لیٹر پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ بڑھنے سے درآمدی بل میں کمی سے ریونیو شارٹ فال ہو گا۔آئی ایم ایف نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمگلنگ نہ رکی تو ریونیو شارٹ فال بڑھنے کا خدشہ ہے۔آئی ایم ایف نے ایف بی آر اور وزارتِ خزانہ کو ریونیو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

 

مرتضیٰ بھٹو قتل کیس: فریقین کو 3 دن میں کیس کی پیپر بک بنانے کا حکم

کراچی(سی ایم لنکس)سندھ ہائیکورٹ نے مرتضیٰ بھٹو قتل کیس کے فریقین کو 3 دن میں کیس کی پیپر بک بنانے کا حکم دے دیا اور ریمارکس میں کہا کہ حکم پر عملدرآمد نہ کیا توسخت حکم نامہ جاری کریں گے۔سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے مقدمے میں ملوث ملزمان کی بریت کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی، جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیس کی پیپر بک بنانے کا کب حکم دیا گیا، جس پر وکیل نے بتایا کہ عدالت نے 2011 میں اپیلوں کی پیپر بک بنانے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے عرصے کے بعد بھی حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا، عدالت نے فریقین کو 3 دن میں کیس کی پیپر بک بنانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکم پر عملدرآمد نہ کیا توسخت حکمنامہ جاری کریں گے۔سرکاری وکیل نے سندھ ہائیکورٹ کو بتایا کہ کیس میں 18 ملزمان نامزد تھے اور شاہد حیات سمیت کچھ انتقال کر چکے ہیں۔عدالت نے اپیلوں کی سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ میر مرتضیٰ بھٹو کے ملازم نورمحمد گوگا نے ملزمان کی بریت کیخلاف 2010 میں اپیل دائر کی تھی، جس میں مؤقف پیش گیا کیا کہ 20 ستمبر 1996 کو میر مرتضیٰ بھٹو اور ان کے ساتھیوں کو گھر کے قریب گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔اپیل میں مؤقف پیش کیا گیا کہ واقعہ کے بعد سرکار اورمرتضیٰ بھٹو کے ملازم نور محمد کی مدعیت میں دو مقدمات درج کئے گئے تھے لیکن دسمبر 2009 میں ماتحت عدالت نے 20 پولیس افسران کو بری کر دیا تھا۔واضح رہے کہ اسی عدالت نے مرتضیٰ بھٹو اور ان کے ساتھیوں کو بھی مقدمے سے بری کیا تھا۔

 

الیکشن کمیشن نے پنجاب یونیورسٹی کو نئی بھرتیوں سے روک دیا

لاہور( چترال ٹایمزرپورٹ) الیکشن کمیشن نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو بغیر اجازت نئی بھرتیوں سے روک دیا۔پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو ارسال کیے جانے والے مراسلے میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بغیر اجازت نئے اساتذہ بھرتی نہ کیے جائیں۔مراسلے میں کہا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اساتذہ کی بھرتی کے لیے 29 جولائی کو جو اشتہار دیا تھا وہ الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہے، نئی بھرتیوں کے لیے جاری کردہ اشتہار فوری طور پر واپس لیا جائے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79332