Chitral Times

پو لیو ورکرز پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں،گورنر حاجی غلام علی

Posted on

پو لیو ورکرز پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں،گورنر حاجی غلام علی

گورنرکی پولیوکے عالمی دن کے موقع پر یونیسف، ڈبلیو ایچ او، روٹری انٹرنیشنل اور انسداد پولیو پروگرام خیبر پختونخوا کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

گورنرسے اسلامیہ کالج پشاور کے سینیئر ایلومینائی،مردان چیمبر آف کامرس اور دارالحکومت اسلام آباد سے مختلف وفود کی بھی الگ الگ ملاقاتیں، مختلف امور پر تبادلہ خیال

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )   گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ پولیو ورکرز پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں دکھ ہوتا ہے جب کسی اور مسئلہ پر پولیو ورکرز اور پولیو تدارک مہم کا راستہ روکا جاتا ہے،پولیو خاتمہ میں خواتین پولیو ورکرز کا کردار قابل تحسین ہے،جس اتحاد سے کرونا کا مقابلہ کیا اسی تحاد سے پولیوکے موذی مرض کاخاتمہ بھی یقینی بناناہوگا۔عوام سے گزارش ہے کہ وہ خود پولیو ورکرز کو گھر بلائیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزپولیوکے عالمی دن کے موقع پر نشتر ہال پشاور میں یونیسف، ڈبلیو ایچ او، روٹری انٹرنیشنل اور انسداد پولیو پروگرام خیبر پختونخوا کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرشوکت علی، کمشنر پشاورمحمدزبیر، ڈی سی پشاورآفاق وزیر، روٹری انٹرنیشنل، ای پی آئی پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹرعارف سمیت پولیو ورکرز اوردیگر نے شرکت کی۔ گورنر نے تقریب میں ڈی آئی خان، سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پولیو ورکرز جنہوں نے نامساعد حالات میں فرائض انجام دیئے ان میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔گورنر نے پولیو ڈیوٹی کے دوران شہادت کا درجہ حاصل کرنیوالے پولیو ورکرز کے لواحقین میں امدادی رقوم بھی تقسیم کیں۔تقریب میں پولیو کی خدمات میں مصروف اداروں کے سربراہان میں بھی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ مرکزی اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ ریاست کے دوسرے اہم شعبے بشمول میڈیا،میڈیکل پروفیشنلز،مذہبی رہنما،درس و تدریس سے منسلک ماہرین اور سول سوسائٹی بھی پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔پاکستان اور افغانستان کے علاؤ دنیا کے دیگر تمام ممالک نے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا لہذا دنیا کی نظریں اب انہی د و ممالک پر جمی ہوئی ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت پولیو کے تدارک اور اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ہماری پوری کوشش ہے کہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک سے پولیو کاخاتمہ یقینی بنائیں۔پولیو کو ایک چیلنج سمجھ کر اسکا خاتمہ کرنا ہے،ایسی پالیسیاں بنائیں کہ صرف اپنے ملک پاکستان نہیں بلکہ افغانستان کو بھی پولیو مرض سے پاک بنائیں۔ہر شعبہ میں ترقی کی سوچ سے مصمم ارادہ کامیابی کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیو ورکرز ہمارے گھروں میں آ کر ہمارے بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے آتے ہیں انکا راستہ روکنا اور قتل کرنے کی بجائے انہیں ہار پہنانے چاہئیں۔
علاوہ ازیں گورنرسے اسلامیہ کالج پشاور کے سینیئر ایلومینائی کے خصوصی 9 رکنی وفدنے بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت انجنیئر محمد عارف خان، عبداللہ خان یوسفزئی ایڈووکیٹ، نعیم آفریدی اور سید بلال خسرو نے کی۔وفد میں مطیع اللہ بنگش، میجر اجمل، ارباب داؤد اور محمد آصف نے بھی شریک تھے جبکہ سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے گورنر کی توجہ اسلامیہ کالج پشاور کی تاریخی مسجد کی زبوں حالی کی جانب مبذول کرائی اور اس کی فوری بحالی کی درخواست کی۔گورنرنے اس موقع پرمسائل کے حل اورتاریخی حیثیت بحال کرنے کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔گورنرنے مسجد کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر اپنے ذاتی خرچے سے تمام کام مکمل کرنے کی پرخلوص پیشکش بھی کی جس پروفد کے شرکاء نے گورنر کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثناء گورنر سے مردان چیمبرآف کامرس کے صدر ظاہر شاہ،ڈاکٹرمصطفی، ڈاکٹرحافظ نظام الدین اور فضل حق نے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد سے بھی حزب اللہ درانی، ڈاکٹرمولاناالیاس مینگل، حاجی مطیع اللہ اوردیگر نے بھی گورنرسے گورنرہاوس میں ملاقات کی۔

chitraltimes governor kp haji ghulam ali addressing polio intl day program 2

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80732