Chitral Times

 پشاور یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن، 455 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم،36طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائےگئے، گورنر خیبرپختونخوا کی بطور مہمان خصوصی شرکت

Posted on

 پشاور یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن، 455 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم،36طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائےگئے، گورنر خیبرپختونخوا کی بطور مہمان خصوصی شرکت

معیاری تعلیم اورتحقیق کے ذریعے ہم مسلمان تعلیم و تحقیق میں اپنا کھویا ہوامقام حاصل کرسکتے ہیں،گورنرحاجی غلام علی

تقریب میں نگران صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر قاسم جان، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، فیکلٹی اراکین، والدین اور طلباء طالبات کی شرکت

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ یونیورسٹی،فیکلٹی اور طلباء و طالبات جدید تحقیق اور نئی ایجادات سامنے لائیں، جس سے ملکی زرمبادلہ میں اضافہ اور غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے،تعلیم یافتہ نوجوان اپنے علاقوں میں چھپے خزانوں کو تلاش کریں، موثر تحقیق سے صوبہ کے قیمتی قدرتی وسائل کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیساتھ نہ صرف اپنے لیے بلکہ مقامی آبادی کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کریں، تعلیم یافتہ نوجوانوں سے ملک کا مستقبل جڑا ہوا ہے اور ملک کو اقوام عالم کی ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

ان خیالات کا اظہارگورنرنے پیرکے روز پشاور یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن 2023 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر قاسم جان، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، فیکلٹی اراکین، والدین اور طلباء طالبات نے شرکت کی۔گورنر نے کانووکیشن میں سیشن 2021 اور سیشن 2022 کے ماسٹر کی تعلیم مکمل کرنیوالے 455 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 36طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز بھی پہنائے۔ وائس چانسلر پشاوریونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے گورنر اوردیگرمہمانوں کا خیرمقدم کیا اوریونیورسٹی کی مجموعی کا رکردگی پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے گورنر کو ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔تقریب سے نگران صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹرقاسم جان نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے تعلیم مکمل کرنیوالے طلباء وطالبات، والدین، فیکلٹی اراکین کو مبارکبادپیش کی اور طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ والدین نے اپنی زندگی اور آمدن کا بیشتر حصہ آپ کے تعلیمی اخراجات پر خرچ کیا اب آپ کا فرض بنتا ہے کہ اپنے والدین کی خدمت کر کے انکے لئے خوشی کا باعث بنیں۔ گورنر نے ابن الہیثم، البیرونی، الخوارزمی سمیت مسلمان سائنسدانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ معیاری تعلیم اورتحقیق کے ذریعے ہم مسلمان تعلیم و تحقیق میں اپنا کھویا ہوامقام حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان نامور مسلمان سائنسدانوں کی طرز پر عصر حاضر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھی اپنی تعلیم کا درست استعمال کرتے ہوئے نئی ایجادات اور دریافت کو سامنے لانا ہوگا. انہوں نے کہاکہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جن پر تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ ان وسائل کو صحیح طریقے سے بروئے کار لاکر ان سے استفادہ کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم اور صحت منافع کا کاروبار نہیں بلکہ مفت تعلیم اور مفت علاج معالجہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ محدود وسائل کے باوجود پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں نے تعلیمی میدان میں اپنا نام پیداکر دیا ہے لیکن حکومتی وسائل، حکومتی تمام تر توجہ کے باوجود سرکاری تعلیمی اداروں کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہ آنے پر ہمیں سوچنا پڑے گا،گورنرنے کہاکہ یونیورسٹیوں کیلئے ضروری ہے کہ ریسرچ کے فروغ سے اپنے وسائل پیدا کریں تاکہ یونیورسٹیوں کا حکومت پرانحصار کم سے کم ہوں اوریونیورسٹیاں اپنی پاؤں پر کھڑی ہوسکیں۔گورنرنے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے رہے کیونکہ ریاست اور ریاستی اداروں کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہی پاکستانی ہونیکا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوان طبقہ اپنے والدین، اساتذہ کا احترام اور معاشرتی اقدار و روایات کی پاسداری یقینی بنائیں۔

chitraltimes university of peshawar convocation 2023 1

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81059