Chitral Times

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کی جانب سے موسم سرما کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی (ونٹر کنٹنجسی پلان) کی تیاریوں کا آغاز

Posted on

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کی جانب سے موسم سرما کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی (ونٹر کنٹنجسی پلان) کی تیاریوں کا آغاز

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)خیبر پختونخوا نے محکمہ ریلیف،بحالی اورآبادکاری کے زیر انتظام موسم سرما کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی (ونٹر کنٹنجسی پلان) کی تیاری کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے منگل کے روزپی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹر پشاورمیں خیبر پختونخوا کے لائن ڈیپارٹمنٹس اور پی ڈی ایم اے کے افسران کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جنت گل آفریدی نے کی۔اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جنت گل آفریدی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے آئندہ موسم سرما میں صوبے کے مختلف علاقوں کے اندر برف باری،بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے اور نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کر رہا ہے جس میں صوبے کے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس، فیڈرل ڈیپارٹمنٹس،ضلعی انتظا میہ اورہیومینٹیرین پارٹنرزکو شامل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مناسب انداز سے نمٹا جا سکے اور جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ دور میں پی ڈی ایم اے سمیت دیگر تمام صوبائی اور وفاقی اداروں کی ذمہ داریا ں پہلے کی نسبت بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں بطور خاص موسم سرما میں قدرتی آفات کا خدشہ دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے اس لئے ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی جس کیلئے تمام اداروں کا مربوط انتظام لازم ہے۔ ونٹر کنٹنجسی پلان کو نومبر کے وسط تک مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر شرکا ء کو موسم کی شدت سے پیدا ہونے والی قدرتی آفات اور ان سے نمٹنے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس کے بعد اجلاس میں موجود مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے اپنے ا پنے محکموں کی کارکردگی اور تیاری کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں تمام شراکا ء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موسم سرما کیلئے پی ڈی ایم اے کی منصوبہ بندی پر عمل در آمد کیلئے ایک متفقہ اور مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے گا تاکہ آنے والے موسم سرما خاص طور پر دسمبر، جنوری، فروری اور مارچ کے مہینوں میں آنے والی ممکنہ قدرتی آفات کے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے اور اس کیلئے ہر ضلع کی سطح پر موجود تمام لائن ڈیپارٹمنٹس پی ڈی ایم اے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔

chitraltimes pdma meeting 2

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79818