Chitral Times

پرائیویٹ حج کمپنیوں کو کوٹے کی تقسیم سعودی ہدایات کے مطابق کی جائے گی، انیق احمد

Posted on

پرائیویٹ حج کمپنیوں کو کوٹے کی تقسیم سعودی ہدایات کے مطابق کی جائے گی، انیق احمد

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ)نگران وزیر مذہبی امورانیق احمد نے کہا ہیکہ سعودی حکام نے حج کمپنیوں کی تعداد کم کرکے2 تا3 ہزار حجاج فی کس رکھنے کی ہدایات دی ہیں اس لئے پرائیویٹ حج کمپنیوں کو کوٹے کی تقسیم سعودی ہدایات کے مطابق کی جائے گی۔ پیرکو یہاں وزارت مذہبی امور میں پرائیویٹ حج سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں حج گروپ آرگنائزر ز کی تنظیم ”ہوپ“ کے عہدیداران اورجوائنٹ سیکرٹری مذہبی امور نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں سعودی کمپنیوں کی سہولیات، سپانسر شپ حج سکیم اور سروس ویزہ سمیت متعدد امور زیر بحث آئے۔اس موقع پر نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہاکہ پرائیویٹ حج کمپنیوں کو کوٹے کی تقسیم سعودی ہدایات کے مطابق کی جائے گی، سعودی وزارت حج نے نجی ٹور آپریٹرز کی تعداد کم کرکے 2 تا 3ہزار حجاج فی کس رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نجی حج کمپنیاں سپانسر شپ رقوم کی معلومات ڈیڈلائن سے قبل وزارت کو مہیا کریں، وزارت مذہبی امورکا مانیٹرنگ اور شکایات کے ازالے کا طریقہ کار بہترین ہے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ وہ اپنے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر حج کمپنیوں کے تحفظات سے سعودی حکام کو آگاہ کریں گے اور وزارت مذہبی امور نجی حج سکیم کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔وزیر مذہبی امور نے کہاکہ بیشتر نجی حج گروپ آپریٹرز کی خدمات مثالی ہیں، تجارت کی بہتری کیلئے تجاویز کا بھی خیرمقدم کریں گے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ نجی حج سکیم کے تحت 901حج کمپنیاں وزارت مذہبی امور کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، ابھی تک 102نجی حج کمپنیوں نے مطلوبہ کوائف وزارت کے پورٹل پر اپ لوڈ نہیں کئے۔ ہوپ کے نمائندے نے کہاکہ نئی سعودی تعلیمات کے مطابق حج کمپنیوں کے کلسٹر پر24گھنٹے میں اپنی تجاویز دیں گے۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78805