Chitral Times

پاکستان کا اسرائیلی جنگی جرائم پر اظہار مذمت، اسپتال پر حملہ غیر انسانی فعل قرار

Posted on

پاکستان کا اسرائیلی جنگی جرائم پر اظہار مذمت، اسپتال پر حملہ غیر انسانی فعل قرار

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ میں اسپتال پر وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملے اور اس میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ مذمت کیا ہے۔صدر مملکت نے اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں معصوم جانوں کے المناک نقصان پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایک ہسپتال پر حملہ کر کے تمام بین الاقوامی اور اخلاقی اصولوں کو پامال کیا۔انہوں نے اسرائیل کی طرف سے سنگین جنگی جرائم کے ارتکاب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل شہری آبادیوں اور صحت کی سہولیات کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے، عالمی برادری اسے جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اسرائیلی بمباری اور غزہ کے جاری محاصرے کو فوری طور پر روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ادھر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی حملے میں سینکڑوں شہری شہید ہوگئے۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ اسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ناقابل جواز عمل ہے، یہ عالمی اور انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی انسانی قانون ہسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ اپنی بات چیت میں میں نے ان پر زور دیا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل سے کہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے، عالمی برادری تشدد کو روکنے کے لیے تیزی سے کام کرے اور ذمہ داروں کا احتساب کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قبضے کے حامیوں کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے، جنہوں نے غزہ کے لوگوں کے خلاف اسرائیلی دہشت گردی کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

 

پاکستان کا ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ

راولپنڈی(سی ایم لنکس)پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا، آزمائشی ٹیسٹ کا مقصد مختلف ڈیزائن، تکنیکی پیرامیٹرز اور ہتھیاروں کے نظام کے مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل سسٹم کا مقصد ڈیٹرنس کو مضبوط بنانا ہے اور فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کے آپریشنلائزیشن کے ذریعے خطے میں اسٹریٹجک استحکام کو بڑھانا ہے۔میزائل کی لانچنگ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، اسٹریٹجک پلانز ڈویڑن اور اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، اسٹریٹجک آرگنائزیشن کے سائنس دانوں اور انجینئرز نے شرکت کی اور معائنہ کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے تمام لوگوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا جنہوں نے کامیاب ٹیسٹ میں تعاون کیا۔ صدر وزیراعظم پاکستان اور سروسز چیفس نے بھی اس کامیابی پر اسٹریٹجک فورسز کے تمام ارکان کو مبارک پیش کی ہے۔

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80476