Chitral Times

معذور افراد کو معاشرے کا باوقار شہری بنائیں گے تاکہ وہ کسی کا محتاج نہ ہو سکیں،گورنرحاجی غلام علی

Posted on

معذور افراد کو معاشرے کا باوقار شہری بنائیں گے تاکہ وہ کسی کا محتاج نہ ہو سکیں،گورنرحاجی غلام علی

گورنر کا معذور و نابینا طلبہ کیلئے یونیورسٹیوں میں مفت تعلیم کا اعلان، تمام یونیورسٹیوں کو مختص کوٹہ میں خالی آسامیوں پر نابینا و معذور افراد کو فوری کوٹہ کے مطابق ملازمتیں بھی فراہم کرنیکی ہدایت

نابینا و معذور افراد خود کو اکیلا نہ سمجھیں، انکی سرپرستی اپنے لئے اعزاز سمجھتاہوں، گورنر

گورنر کی پاکستان بلائینڈ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ”تحفظ سفید چھڑی” کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت،نابینا طلبہ و افراد میں سفید چھڑیاں اور ٹالکنگ واچز تقسیم کیں

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ ہماری زندگیوں کا مقصد معذور اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہونا چاہئے، معذور افراد کو معاشرے کا باوقار شہری بنائیں گے تاکہ وہ کسی کا محتاج نہ ہو سکیں، گورنر نے صوبہ کی تمام یونیورسٹیوں میں معذور و نابینا طلباء و طالبات کیلئے مفت تعلیم کا اعلان کر دیا اور ساتھ ہی یونیورسٹیوں کو مختص کوٹہ میں خالی آسامیوں پر نابینا و معذور افراد کو فوری ملازمتیں فراہم کرنیکی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معذور و نابینا طلبہ و افراد خود کو اکیلا نہ سمجھیں انکی سرپرستی کرنا اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں، وفاقی و صوبائی حکومتیں بھی معذور افراد کی فلاح و بہبود کے معاملات میں مکمل سرپرستی کر رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے زیراہتمام ”تحفظ سفید چھڑی” کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود و تحفظ خواتین جسٹس(ر)ارشاد قیصر،صدر پاکستان انجمن برائے نابینا افراد قاری سعد نور، محکمہ سوشل ویلفئیر کے نمائندے،اساتذہ کرام، بصارت سے محروم بچوں اور بچیوں سمیت والدین نے شرکت کی۔تقریب میں نابینا اسکول کے بچوں نے تلاوت قرآن، نعتیہ کلام، ملی نغمہ اور سفید چھڑی کے دن کی مناسبت سے تقریر بھی پیش کیں، تقریب میں گورنر نے نابینا بچوں و افراد میں سفید چھڑیاں اور ٹالکنگ واچز تقسیم کیں اور نابینا بچوں سے محبت و شفقت کا اظہار بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ معاشرے میں بصارت سے محروم بچے و افراد مسائل ومشکلات کا شکار ہیں، دیکھنا ہو گا کہ ان افراد کے مسائل و مشکلات میں سسٹم میں کہاں خامیاں ہیں، انہوں نے اس موقع پر نابینا افراد کیلئے کام کرنیوالے اداروں، تنظیموں کو ایک جامع تحریری رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کہ تاکہ متعلقہ محکموں سے نابینا و معذور افراد کے مسائل و مشکلات کا عملی حل نکالا جا سکے، گورنر نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد بھی پاکستانی شہری ہیں اور ملک سے محبت کرنیوالے ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں کہ بینائی سے محروم افراد میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور میرے لئے یہ ایک کمزور طبقہ نہیں بلکہ طاقتور طبقہ ہے یہی وجہ ہے کہ گورنر کا منصب سنبھالتے ہی بصارت و قوت گویائی سے محروم بچوں بچیوں کو گورنر ہاؤس میں سب سے پہلے ظہرانہ دیا اور خود انکی خدمت کرتا رہا، گورنرنے کہاکہ اس د ن کا مقصد بینائی سے محروم افراد کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور آزادنہ نقل و حرکت اور سماجی شمولیت کے ان کے حقوق کو فروغ دیناہے اور بصارت سے محروم افراد کو باور کرانا ہے کہ آپ بھی معاشرے کا اہم جز ہیں۔ بصارت سے محروم افراد کو ملک کا مفید شہری بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور اس کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ضرورت کی بنیاد پر نابینا بچوں کیلئے اسکول ہونا چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ معذور و بصارت سے محروم زیر تعلیم بچوں کیلئے جیب خرچ بھی ہونا چاہئے جس کیلئے محکمہ سماجی بہبود کردار ادا کرے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر جسٹس (ر)ارشاد قیصر نے کہاکہ بصارت سے محروم بچوں، بچیوں کے مشکلات اور انہیں فنڈز سے متعلق مشکلات کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں جائیں گے اور ہرممکن کوشش کی جائیگی۔صدر پاکستان انجمن برائے نابینا افراد قاری سعد نور نے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں گورنر حاجی غلام علی اور نگران صوبائی وزیرکاشکریہ ادا کیا اور کہاکہ گورنرنے بحیثیت عوامی گورنر خودکومنوالیاہے اور جب تقریب میں شرکت کی دعوت اور درخواست کی کہ دو گھنٹے کم ازکم بصار ت سے محروم بچوں اوربچیوں کے ساتھ گزارنا ہے تو آج انہوں نے تقریباً تین گھنٹے دے کرتقریب میں موجود تمام افراد بالخصوص بصار ت سے محروم بچوں اوربچیوں کے دل جیت لئے۔ #

chitraltimes governor kp addresing blind school event 2
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80381

معذور افراد کی عالمی دن کے موقع پر اسپیشل چلڈرن کی بحالی کا مرکز (ایم آر پی ایچ سی) چترال لویر میں تقریب

معذور افراد کی عالمی دن کے موقع پر اسپیشل چلڈرن کی بحالی کا مرکز (ایم آر پی ایچ سی) چترال لویر میں تقریب

چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز) محکمہ سوشل ویلفئر، اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن امپاورمنٹ لویر چترال نے معذور افراد کی عالمی دن کے مناسبت سے اسپیشل چلڈرن کی بحالی کا مرکز (ایم آر پی ایچ سی) میں تقریب کا اہتمام کیا جس میں ڈپٹی کمشنر چترال لویر انوار الحق مہمان خصوصی تھے ۔ سنٹر میں زیر تعلیم خصوصی بچوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مختلف دلچسپ خاکے پیش کئے جنہیں حاضرین نے سراہا اور ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ افیسر سوشل ویلفیئر لویر چترال نصرت جبین نے اسپیشل بچوں کی بحالی اور بہبود کے ساتھ انہیں معاشرے کا کار آمد حصہ بنانے کے سلسلے ڈیپارٹمنٹ کا کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

 

انہوں نے تقریب میں شرکت پر مہمان خصوصی، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سنٹر میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈی سی لویر چترال نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ اسپیشل چلڈرن کو وہ سپورٹ اور محبت فراہم کرے کہ ان میں احساس کمتری پیدا نہ ہونے پائے اور وہ نارمل انسان کی طرز پر زندگی گزارنے کے قابل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کا عالمی دن ہمیں یہ سبق یاد دلاتی ہے کہ یہ خصوصی افراد ہماری بھر پور ہمدردی کے مستحق ہیں اور ان کی ذہنی صلاحیتوں اور قابلیت کو ضائع ہونے بچائیں۔ ڈی سی نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اسپیشل چلڈرن کے مسائل کے حل میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے تقریب کے دوران دو چھوٹے عمر کے خصوصی بچوں کو اسٹیج پر اپنے بیٹھائے رکھا اور کہا کہ اصل میں یہی بچے آج ہمارے مہمان خصوصی ہیں۔ انہوں نے ڈی او سوشل ویلفیئر اور ان کے محکمے کی کارکردگی پر بھی اظہار اطمینان کیا۔

chitraltimes social welfare department organizes program on special person day1

chitraltimes social welfare department organizes program on special person day3

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
68745