Chitral Times

خیبر پختونخوا میں قیمتی معدنیات، سیاحت سمیت قدرتی وسائل ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے توجہ طلب ہیں، حاجی غلام علی

Posted on

خیبر پختونخوا میں قیمتی معدنیات، سیاحت سمیت قدرتی وسائل ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے توجہ طلب ہیں، حاجی غلام علی

گورنر سے اوورسیز بزنس فورم برطانیہ کے وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات، سمندر پار بزنس کمیونٹی کا پاکستان میں سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال

وفد کا گورنر سے سمندر پار مقیم خیبر پختونخوا کے شہریوں کی آسانی کیلئے پنجاب، سندھ کیطرح خیبرپختونخوامیں اوورسیز کمیشن کے قیام کا مطالبہ

پشاور(چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے جس میں فاصلے سمٹ گئے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایک دوسرے کے وسائل ومعلومات سے فوری استفادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری سے متعلق سہولیات میں بھی اضافہ ہواہے۔ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا معدنیات، تیل وگیس سمیت سیاحتی اعتبار سے مالا مال خطہ ہے۔ بیرون ملک سرمایہ کاروں کو دعوت دیتاہوں کہ وہ ان قدرتی وسائل سے استفادہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکے روز بزنس فورم برطانیہ کے 10 رکنی وفد سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں چیئرمین اوورسیز بزنس فورم برطانیہ محمد فاروق خان، جنرل سیکرٹری سلمان ڈوسا، احمدعلی، سید نعیم اللہ شاہ اور نعمان علی سمیت دیگر شامل تھے۔ وفد نے ملاقات کیلئے وقت دینے پر گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گورنرسے اپیل کی کہ اوورسیز بزنس کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے پنجاب اورسندھ کی طرح خیبرپختونخوا میں اوورسیز کمیشن کا قیام عمل میں لایاجائے۔ وفد کا کہناتھاکہ برطانیہ سمیت وسط ایشیاء اوریورپ میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے افرادکی تعداد زیادہ ہے لیکن صوبہ میں اوورسیز کمیشن نہ ہونے سے مسائل کا سامناہے، وفد کا کہناتھاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری طبقہ اپنے ملک بالخصوص خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل، سیاحتی شعبہ کی ترقی کیلئے کام کرناچاہتے ہیں اور پاکستان، برطانیہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لاناچاہتے ہیں۔ وفد نے کاروبار کی ترقی اورسرمایہ کاری سے متعلق گورنر کے وژن و سوچ کی بھی تعریف کی اور کہاکہ اسی سوچ اور وژن کو اوورسیز بزنس کمیونٹی کوضرورت ہے۔

اس موقع پر گورنر نے اوورسیز بزنس فورم برطانیہ کے وفدکی ملک میں بزنس کمیونٹی اورسرمایہ کاری سے متعلق اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان او ربرطانیہ کے درمیان بزنس کمیونٹی کی نزدیکیوں میں اضافہ ہو کیونکہ کاروبار کی ترقی ہی مجموعی کامیابی و ترقی کی ضامن ہے۔ انہوں نے وفد کو تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے درمیان خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل، قیمتی معدنیات، شعبہ صحت میں ہسپتالوں اورشعبہ تعلیم میں ڈینٹل اورمیڈیکل کی تعلیم سے متعلق ایک جوائنٹ وینچر ہوناچاہئیے اس سے نہ صرف سرمایہ کاری و کاروبار کو فروغ ملے گا بلکہ یہاں کے نوجوانوں کے تعلیمی اخراجات کم ہونے کے ساتھ ان کو معیاری تعلیم بھی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اوورسیز بزنس فورم برطانیہ کے وفد کی خیبرپختونخوا کی سیاحتی شعبہ کی ترقی کیلئے سوچ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ کے شمالی علاقہ جات دلکش مناظر وبہترین موسم کی بدولت دنیا بھر میں خصوصی مقام کی حیثیت رکھتے ہیں۔ سیاحت کی ترقی کیلئے اورسیاحوں کوان علاقوں کی طرف متوجہ کرنے کیلئے سازگار ماحول کے ساتھ پائیدار سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جس کیلئے اوورسیز بزنس فورم کا کردار قابل ستائش ہوگا۔ ملاقات کے اختتام پر گورنر نے وفد کو گورنرہاوس تشریف لانے پر اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

دریں اثناء گورنرسے انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین ڈاکٹرحبیب اورکزئی نے بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی اور ادارے کی کارکردگی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔#

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79528