Chitral Times

جنرل اسمبلی نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ریلیف سسٹم کو تقویت دینے کے لیے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد منظور کر لی

Posted on

جنرل اسمبلی نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ریلیف سسٹم کو تقویت دینے کے لیے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد منظور کر لی

اقوام متحدہ( چترال ٹایمز رپورٹ ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ترقی پزیر ممالک کے اتحاد پر مشتمل گروپ جی 77اور چین کی طرف سے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد منظور کر لی، جس کے تحت دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی قدرتی آفات اور دیگر بحرانوں سے متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے نظام کو تقویت دی جائے گی۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عامر خان نے یہ قرارداد پیش کی۔ اقوام متحدہ 193رکنی جنرل اسمبلی نے قرار داد کی شرائط کے تحت قدرتی آفات کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بین الاقوامی تعاون اور امداد کے ساتھ ساتھ ہنگامی اقدامات، بحالی اورپیش رفت کے درمیان تعلق اور تین مراحل میں ہموار منتقلی کو یقینی بنانے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔جی 77ا ور چین اقوام متحدہ کے ابھرتے ہوئے ممالک کا سب سے بڑا بین الحکومتی گروپ ہے اور پاکستان اس وقت اس گروپ کا چیئرمین ہے جس کے رکن ممالک کی تعداد اب 134 ہوگئی ہے۔پاکستانی مندوب عامر خان نے قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک اور افراد کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

 

قرارداد کے مسودے میں قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئیان ممالک کی خصوصی مالی ضروریات کو تسلیم کیا گیا ہے جو انسانی ہنگامی صورتحال، قدرتی آفات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔پاکستانی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ متاثرہ ممالک کے لیے ہنگامی امداد کو طویل مدتی مدد کی صورت میں یقینی بنانا چاہیے۔رواں سال قرارداد کے متن میں شامل نئے حصہ تحاریر کا مقصد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد، روک تھام، تیاری اور بحالی کی کوششوں کو مزید تقویت دینا ہے تاکہ قدرتی آفات سے ہونے والے جانی نقصان اور نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے قدرتی آفات کے حوالے سے قحط، غذائی عدم تحفظ اور غذائی قلت کو روکنے کے لیے بڑھتی ہوئی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد میں انسانی ہمدردی کے اقدامات کو یقینی بنانے اور قدرتی آفات کے انسانی اثرات کو کم کرنے کے لیے بہترین طریقوں کی نشاندہی کرنے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔اس مسودے میں ذہنی صحت کی معاونت کی خدمات کو آفات کے ردعمل اور بحالی میں بھی شامل کیا گیا ہے۔اس موقع پر جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ہنگامی اور انسانی امداد کے تعاون کو مضبوط بنانے سے متعلق اجلاس کے لیے اس سے زیادہ مناسب وقت نہیں ہو سکتا کیونکہ دنیا آج مستقل انسانی بحران کی حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام غلط ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68911

صوبائی کابینہ نے قدرتی آفات میں جان بحق ہونے والوں کے لیے معاوضہ 3 لاکھ سے 8 لاکھ کرنے اور تباہ شدہ مکانات کے نقصان کے معاوضے کو بھی ایک لاکھ سے چار لاکھ کرنے کی منظوری دیدی

Posted on

صوبائی کابینہ نے قدرتی آفات میں جان بحق ہونے والوں کے لیے معاوضہ 3 لاکھ سے 8 لاکھ کرنے اور تباہ شدہ مکانات کے نقصان کے معاوضے کو بھی ایک لاکھ سے چار لاکھ کرنے کی منظوری دیدی

وزیر اعلیٰ کا صوبہ بھر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کرنے کا حکم

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بند سڑکوں کے فوری طور پر کھولنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ منگل کے روزصوبائی کابینہ کے 78 ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جو ان کی زیر صدارت پشاور سول سیکرٹریٹ کے کیبنٹ روم میں منعقدہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، صوبائی چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے قدرتی آفات میں جان بحق ہونے والوں کے لیے معاوضہ 3 لاکھ سے 8 لاکھ کرنے اور تباہ شدہ مکانات کے نقصان کے معاوضے کو بھی ایک لاکھ سے چار لاکھ کرنے کی منظوری دی۔شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ کابینہ نے سیلاب کے دوران فوری امدادی کاروائیوں کے اجراءپر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 سمیت سرکاری اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے معدنیات کی کانوں میں حادثات کی صورت میں کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے معدنی کانوں کے حامل اضلاع میں ریسکیو 1122 کے مراکز کھولنے کی ہدایت کی ہے تاکہ حادثات کی صورت میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جا سکیں اور کان کنوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے آٹے پر سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور عوام کو رعایتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی کاسلسلہ سارا سال جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے پر سبسڈی کی مد میں 35 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔فی الوقت صوبے میں آٹے کے وافر ذخائر موجود ہیں اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے میں روزانہ دو لاکھ سے زیادہ دس کلو اور بیس کلو کے بیگ رعایتی نرخوں پر عوام کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ خوراک عوام کو ان کی دہلیز پر ٹرکوں کے ذریعے آٹا پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست سے یہ کوٹہ بڑھا کر ڈھائی لاکھ بیگ روزانہ کر دیا جائے گا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سابقہ قبائلی علاقوں کے لیے ملک بھر میں قائم میڈیکل ڈینٹل کالجز میں ریزرو سیٹس میں آبادی یا سابقہ قبائلی ایجنسیوں کے مطابق کرانے پر غور و خوض کے بعد فی الحال پرانے کوٹے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

 

کابینہ نے خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے تین ممبران پیر فدا محمد ایم پی اے،محترمہ سمیرا شمس ایم پی اے اور ڈاکٹر عبد الغفور کی بحیثیت کمیشن ممبران دوسری مدت کے لئے توسیع کی منظوری دے دی جبکہ محکمہ ہاوسنگ کی تجویز پر پی ایچ اے ہاوسنگ سکیم جلوزئی ضلع نوشہرہ میں وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت 1320فلیٹس کی تعمیر کے لیے نظر ثانی شدہ پی سی ون کے مطابق پیکج ون کے لیے اضافی 39.55ملین روپے اور مکمل منصوبے کی تکمیل کے لیے مجموعی طور پر818.668 ملین روپے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر محنت و ثقافت نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پراجیکٹ کے ایریگیشن چینلز کی ڈیزائننگ اور تعمیر کے لئے نان اے ڈی پی سکیم کے طور پر4300 ملین روپے مختص کرنے اور اس سال کے لیے 200 ملین روپے کی منظوری دی۔ شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کے 32 ٹرک بھجوا دیئے ہیں جس میں خیمے،کمبل، فوم،ادویات، رضائیاں، حفظان صحت(hygiene) کی کٹس، مچھردانیاں،اشیائے خوردونوش کے علاوہ ڈی واٹرنگ پمپس بھی شامل ہیں۔ صوبائی کابینہ نے سیکرٹری اوقاف، حج،مذہبی و اقلیتی امور کی بطور چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کی بھی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔جبکہ محکمہ ریلیف و آبادکاری کی جانب سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ خیبرپختونخواترمیمی ایکٹ کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ٹرائیبل ڈویژن درازندہ میں ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر ایمرجنسی لگانے اور اب حالات معمول پر آنے کے بعد ایمرجنسی واپس اٹھانے کی منظوری دی۔

 

کابینہ نے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں فلڈ ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری بھی دی۔وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ جہاں ضروری ہو فلڈ ایمرجنسی لگائی جا سکتی ہے تا کہ متاثرین کی فوری امداد،بہالی و آباد کاری یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے تحصیل پہاڑ پور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ریسکیو 1122کے قیام کے لئے اراضی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے واٹر سپلائی اینڈسینیٹشن کمپنی ایبٹ آباد میں مزید 23 ویلج اور نیبرہڈ کونسلوں کو شامل کرنے کی منظوری دی۔اسی طرح کابینہ نے واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن کمپنی بنوں کے بورڈ کو تحلیل کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ کے سید احمد کی بربنائے کے عہدہ رکن بنانے کی بھی منظوری دی۔اسی طرح کابینہ نے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی ہونے والے ASIs کے عمر کی حد کے حوالے سے ایشو کے حل کے لیے آئی جی خیبر پختونخوا کو کیس صوبائی حکومت کو بھیجنے کی ہدایت کی۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ اپوزیشن نے اس حوالے سے جو توقعات اور خواہشات وابستہ کی تھی اس پر اوس پڑ گئی۔

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بلوچستان میں آرمی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت دیگر اعلی فوجی حکام اور عملے کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔
یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام شہداءکے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس المناک حادثے نے پوری قوم کو رنجیدہ کردیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے بلوچستان کے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے اصل ہیرو ہیں اور پوری قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے پاک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
64175