Chitral Times

اگلے چند ماہ میں فائیو جی لائسنس نیلام کردیں گے، نگراں وزیر آئی ٹی

Posted on

اگلے چند ماہ میں فائیو جی لائسنس نیلام کردیں گے، نگراں وزیر آئی ٹی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ اگلے چند ماہ میں فائیو جی آکشن کرنے جارہے ہیں ملک میں بہتر ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو ملاقات کے لیے آئے سی ای او جاز عامر ابراہیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں فائیو جی اسپیکٹرم آکشن، ٹائم لائن اور ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف کا کہنا تھا کہ فائیو جی آکشن اگلے چند ماہ میں کرنے جا رہے ہیں ملک میں بہتر ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صارفین کو محدود بینڈوتھ آفر کی وجہ سے اچھی سروس نہیں ملتی، فائیو جی سے صارفین کو بہتر اور معیاری ٹیلی کام سروسز میسر ہوں گی۔وزارت آئی ٹی کے مطابق قبل ازیں ڈاکٹر عمر سیف سی ای او یو فون اور زونگ سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ سیلولر کمپینوں کے سی ای اوز سے ملاقاتوں کا مقصد ٹیلی کام کمپنیوں کو فائیو جی آکشن کی تیاری کے بارے میں آگاہ کرنا اور مارکیٹ کو فائیو جی آکشن کے لیے تیار کرنا ہے۔

 

پی آئی اے کی نجکاری سے قبل ریگولیٹر ادارہ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نج کاری سے پہلے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ایوی ایشن کے شعبے کے لیے ریگولیٹر ادارہ بنانے کی تجویز وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے دی ہے۔وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق یہ ادارہ پیمرا، اوگرا اور نیپرا کی طرز پر بنایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریگولیٹر پی ا?ئی اے کی نج کاری سے پیدا ہونے والے خلاء کے بعد معاملات کا جائزہ لے گا۔وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کا ریگولیٹر ایوی ایشن کے شعبے میں کارٹلز کے قیام کو روے گا۔وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کم منافع بخش روٹ پر پروازیں چلانے کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ نجی شعبے میں چلنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو کم منافع بخش روٹس پر پروازیں چلانے کے لیے فریم ورک دیا جائے گا۔

 

یو این جنرل اسمبلی کا 78واں اجلاس، ترکیہ نے مسئلہ کشمیر اْٹھا دیا

نیویارک(چترال ٹایمزرپورٹ)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کے دوران ایک بار پھر پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر اٹھا دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کئے جائیں، اس سے جنوبی ایشیا میں معاشی استحکام آئے گا، امن اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ مسئلہ کشمیر کے حل اور وہاں منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کے لئے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی حمایت کرے گا۔انہوں نے پاکستان اور بھارت کی بات چیت کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی حمایت کی۔اس موقع پر رجب طیب اردگان نے فلسطینی مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لئے جدوجہد کی حمایت کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79419