Chitral Times

صدر مملکت نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کمی کی منظوری دیدی

Posted on

صدر مملکت نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کمی کی منظوری دیدی

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید میلاد النبی ؐکے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دیدی ہے۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی ہے۔سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا، سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری، ڈکیتی، اغواء اور دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔سزا میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔سزا میں کمی کا اطلاق غیر ملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 ء کے تحت سزا یافتہ افراد پر نہیں ہوگا۔65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے، ان پر اطلاق ہو گا۔60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکی ہیں، ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔18سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔

پاکستان بلند پہاڑی چوٹیوں، خوبصورت جھیلوں، سرسبز و شاداب وادیوں، قدیم تہذیبوں اور بھرپور ثقافتی ورثے کی سرزمین ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے چند دلکش ترین سیاحتی مقامات کا حامل ملک ہے،پاکستان بلند ترین پہاڑی چوٹیوں، شاندار ساحلی پٹی، خوبصورت جھیلوں، سرسبز و شاداب وادیوں، قدیم تہذیبوں اور بھرپور ثقافتی ورثے کی سرزمین ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے بدھ کو سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرے لیے یہ امر باعثِ مسرت ہے کہ آج ہم عالمی یومِ سیاحت 2023 منا رہے ہیں، آج ہم خطے کی ترقی اور خوشحالی میں شعبہ ِسیاحت کے کردار اور صلاحیت کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی عالمی تنظیم برائے سیاحت (یو این ڈبلیو ٹی او) کے زیراہتمام عالمی یوم ِ سیاحت منایا جاتا ہے،اس دن کو منانے کا مقصد شعبہ ِسیاحت کی اہمیت اور ہمارے معاشرے پر اس کے اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس سال کے یومِ سیاحت کا موضوع“سیاحت اور ماحول دوست سرمایہ کاری”ہے اور اس کا مقصد سیاحت کے فروغ اور پائیدار ترقی کیلئے ماحول دوست سرمایہ کاری کے امکانات کی نشاندہی کرنا ہے۔

 

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی عالمی تنظیم برائے سیاحت عالمی یوم ِسیاحت کے موقع پر انسانیت، کرہ ِارض اور خوشحالی کیلئے مزید اور بہتر سرمایہ کاری کی ضرورت اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم اقتصادی ترقی اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے روایتی سرمایہ کاری کے علاوہ جدید اور غیر روایتی حل بھی اپنائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کی وجہ سے کئی سیاحتی مقامات اور سیاحت پر انحصار کرنے والی آبادیوں اور معیشتوں کو بقا کے حوالے سے خطرات لاحق ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر بہت سے ترقی پذیر دیگر ممالک کو سرمایہ کاری کی کمی اور مہنگائی کے بحران کا بھی سامنا ہے، سیاحت کے پائیدار فروغ اور محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں نئی حدود اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے دن کا مقصد نجی شعبے کو اس بات کی ترغیب دلانا ہے کہ وہ کاربن گیسوں کا اخراج صفر تک لانے کے طریقے اپنائیں، توانائی کی کھپت کم کریں، اور تمام سیاحتی مقامات کا حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے قابل ِتجدید توانائی سے فائدہ اٹھا کر پائیدار سیاحت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کارپوریشن برائے ترقی سیاحت اور سیاحت کے صوبائی محکمہ جات نے یہ دن منانے کیلئے مختلف سرگرمیاں ترتیب دی ہیں جن کا مقصد نئے دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ماحول دوست سرمایہ کاری اور سیاحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ صدر نے کہا کہ آئیے، ہم سب ایک بہتر اور پائیدار مستقبل کیلئے ماحول دوست سرمایہ کاری پر توجہ دے کر پائیدار سیاحت کے امکانات بروئے کار لانے کیلئے مل کر کام کریں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79618