Chitral Times

عوام نہیں سرکاری ادارے اور افسران بجلی چور ہیں، سراج الحق

Posted on

عوام نہیں سرکاری ادارے اور افسران بجلی چور ہیں، سراج الحق

لاہور(سی ایم لنکس) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ماہانہ بجلی کے بل کو سرکاری ڈاکہ قرار دے دیا۔سراج الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے اندر یہ مذید ہمت نہیں ہے کہ وہ جرمانے ادا کرسکیں، عوام ہر مہینے بجلی کا بل دیتے ہیں وہ دراصل بل نہیں ایک سرکاری ڈاکہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اعلان کیا ہے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا اور 75روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت کی جائے گی، آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمت 100روپے فی یونٹ ہونے کا امکان ہے۔سراج الحق نے بتایا کہ ہم نے ایک توانائی کانفرنس کروائی جس میں ماہرین کو بلایا گیا، انہوں نے بتایا نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے ساتھ معاہدے ٹھیک نہیں ہوئے، دوسرا حکومت ان ملکوں سے تیل لیتی ہے جو ڈالر پر پیمنٹ لیتے ہیں، ایران نے کہا کہ ہم سستی گیس اور سستا تیل دینے کو تیار ہیں اور اپنی پائپ لائن بھی بچھا دی لیکن پاکستانی حکومت کہتی ہے کہ ہم پر دباؤ ہے، افغانستان اورنیپال بھی تاجکستان سے بجلی برآمد کرتے ہیں لیکن پاکستان کے مقابلے میں ان کی بجلی کی قیمت پھر بھی کم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آج بھی تربیلا اور منگلا ڈیم سے سستی ترین بجلی بنتی ہے، سولر انرجی سے بننے والی بجلی کی قیمت 16روپے فی یونٹ ہے لیکن حکومت اسے نیشنل گرڈ میں ڈال کر عوام سے 55روپے فی یونٹ وصول کئے جاتے ہیں،

 

عوام بجلی کے بل دینا چاہتے لیکن جب حکومت خود ڈاکے ڈالے تو عوام حکمرانوں سے کیا توقع کر سکتی ہے۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے جتنے منصوبے بنائے گئے اس میں عوام کا کوئی فائدہ نہیں، صرف ذاتی مفادات کا فائدہ ہے، حکومت نے آئی پی پیز سے معاہدے کئے اور کوئلے سے 88 پرائیویٹ کمپنیوں نے بجلی بنانی شروع کی جو مہنگی ہے، پانی اور تھرمل سے بننے والی بجلی کی قیمت کوئلے سے بننے والی بجلی قیمت کے مقابلے میں 30فیصد کم ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 2014 میں پیپلز پارٹی نے مہنگی بجلی کے معاہدے کئے اور بعد میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومت آئی، تینوں سیاسی پارٹیوں نے بجلی بنانے والی پرائیویٹ کمپنیز کے حوالے سے کچھ نہیں کیا کیونکہ یہ کمپنیاں انکی ڈونرز ہیں، کپیسٹی چارجز کی مد میں اتنی بجلی پرائیویٹ کمپنیوں نے بنائی نہیں جتنے پیسے ہم انہیں ادا کر چکے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ دوسرا لائن لاسسز کا مسئلہ ہے، گزشتہ سال پاکستانی عوام نے لائن لاسسز کی مد میں 1ہزار بلین ادا کئے ہیں اور 20سالوں میں یہ 20ہزار ارب تک جاتا ہے، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام پر بوجھ لادا گیا، پاکستان میں لیسکو، پیپکو، فیسکو سمیت ایسی 11 کمپنیاں ہیں جس کے سرکاری افسران کا خرچہ پاکستانی عوام اٹھاتا ہیں،

 

عوام بجلی کے بل کی مد میں 5سرکاری اداروں کا بھی خرچہ اٹھا رہے ہیں، جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے ان تمام ڈسٹریبیوٹرز (تقسیم کار کمپنیوں) کو ختم کر کے ایک کمپنی بنائی جائے۔امیر جماعر نے کہا کہ بجلی میں تیسرا بڑا مسئلہ بجلی چوری کا ہے، پاکستانی عوام نہیں بلکہ سرکاری ادارے اور افسران بجلی چوری کرتے ہیں، وزیراعظم ہاؤس، صدر ہاوس، سپریم کورٹ، دیگر ادارے بجلی کا بل ادا نہیں کرتے جس کا بوجھ بھی عوام برداشت کرتے ہیں۔سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان میں 68 فیصد ٹیکسسز عوام سے وصول کئے جا رہے ہیں، آئی پی پیز کے معاہدے ختم کر دینے چاہئیں ان کمپنیز نے دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹا ہے، اگر ان معاہدوں کو ختم کرنے کے لیے انٹرنیشنل کورٹ میں بھی جانا پڑے تو جانا چاہیے، ہم نے بجلی کے بلوں کے حوالے سے کیس تیار کیا اور ہم یہ معاملہ سپریم کورٹ لے کر جا رہے ہیں۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79620