Chitral Times

طور خم بارڈر 9 روز بعد آمدورفت اور مال بردار گاڑیوں کیلئے کھول دیا گیا، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہوگی۔ وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی

Posted on

طور خم بارڈر 9 روز بعد آمدورفت اور مال بردار گاڑیوں کیلئے کھول دیا گیا، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہوگی۔ وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی

 

خیبر(چترال ٹایمزرپورٹ) افغانستان کی جانب سے اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کے بعد طورخم بارڈر 9 روز بعد کھول دیا گیا۔ذرائع کے مطابق افغانستان سے دو گاڑیاں پاکستان داخل ہوگئی ہیں، آمدورفت کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے، طور خم بارڈر کے دونوں جانب سے گیٹ کھلنے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔واضح رہے کہ افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستانی ناظم الامور سے ملاقات میں افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بارڈر کھولنے کی درخواست کی تھی جس پر پاکستان کی جانب سے بارڈر کھولنے پر غور کیا گیا، طورخم بارڈر 9 روز بند رہنے سے تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی تھیں۔قبل ازیں پاکستان کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ صرف پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہے، بھارت اس میں شامل نہیں، افغان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہی ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی ناقابل برداشت ہے، پاکستان نے خشکی میں گھرے افغانستان کی ہمیشہ مدد کی، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر نیک نیتی سے عمل کیا مگر معاہدے کے غلط استعمال پر شدید تحفظات ہیں۔پاکستان کے شدید تحفظات پر افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستانی ناظم الامور کو یقین دلایا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہوگی۔

 

امریکا میں پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کیلیے اقدامات شروع

اسلام آباد(سی ایم لنکس) نگراں وزیر اعظم کی ہدایت پر پی آئی اے اثاثوں کی نجکاری کا عمل شروع ہوگیا، امریکا میں پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے۔نجکاری کمیشن نے روز ویلٹ ہوٹل کی نیلامی سے متعلق فنانشل ایڈوائز کے تقرر کے لیے دلچسپی رکھنے والی فرموں سے 9 اکتوبر تک پیشکش طلب کرلیں۔نگراں حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی نجکاری کمیشن نے پی آئی اے اثاثوں کی نجکاری کا عمل شروع کیا۔ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن نے روز ویلٹ ہوٹل کی نیلامی سے متعلق فنانشل ایڈوائز کے تقرر کے لیے پیشکش طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل کی فنانشل ایڈوائزری کے لیے دلچسپی رکھنے والی فرمز 9 اکتوبر تک ایک ہزار ڈالر فیس کے ہمراہ درخواستیں جمع کرائیں۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کو سرکاری اداروں کی نجکاری کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ روز ویلٹ کے لیے فنانشل ایڈوائزر کے طور درخواستیں دینے کے لیے تکنیکی دستاویز نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79222