Chitral Times

صوبہ میں معدنی شعبہ سے جڑے کاروباری طبقہ اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا،۔گورنرخیبرپختونخوا

Posted on

صوبہ میں معدنی شعبہ سے جڑے کاروباری طبقہ اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، ملک کو معاشی بحران سے باہر لانے کیلئے ہمیں اپنے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔گورنرخیبرپختونخوا

 

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا قیمتی معدنیات ماربل، گرینائٹ سمیت دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، صوبہ میں معدنی شعبہ سے جڑے کاروباری طبقہ اور سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، ملک کو معاشی بحران سے باہر لانے کیلئے ہمیں اپنے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانا ہوگا،ضروری ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے پاکستان میں موجود معدنیات و قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہو ں نے بدھ کے روز فرنٹیئر مائین اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت شیر بندی خان مروت صدر فرنٹیئر مائین اونرز ایسوسی ایشن کررہے تھے۔ وفد میں سابق سینیٹر مولاناراحت حسین، سیدعباس شاہ، اصغر خان، تیمور خان، صاحبزادہ عزیز احمد، محمد سلیم مغل اوردیگر شامل تھے۔

 

وفد نے گورنر کو معدنی شعبہ، منرلز رائلٹی پر دوسرے صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس،بارودی لائسنس اجراء، رینیول میں رکاوٹ سے متعلق مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر کو لوڈ میں کمی سے کاروبار پر منفی اثرات، ملازمتوں کے خاتمہ جیسے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔وفد نے بتایاکہ خیبر پختونخوا حکومت نے منرلز رائلٹی میں 1300 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے جس سے مائینز انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔صوبہ میں 3900 لیزوں میں سے صرف 600 لیزیں چل رہی ہیں اور انکی رائلٹی ساڑھے 6 ارب ہے،اگر صوبہ میں بند لیزوں پر کام شروع کیا جائے تو اربوں روپے اضافی ریوینیو پیدا کیا جا سکتا ہے۔گورنر نے وفد کو وفاق کی سطح پر معدنی شعبہ، منرلز رائلٹی سے جڑے مسائل کے حل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ وفاقی حکومت معاشی استحکام کیلئے تمام شعبوں کو پالیسی و قانون کے مطابق ٹیکس نیٹ میں شامل کر رہی ہے۔صوبہ میں معدنی شعبہ سمیت تمام شعبوں کو مکمل ترقی دی جائے گی۔ شیر بندی خان مروت کی سربراہی میں وفد نے تعاون کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

 

خواتین کو خودمختار بنانے کیلئے کاروباری مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، کاروباری شعبہ سے وابستہ، تعلیم یافتہ و ہنرمند خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔گورنرخیبرپختونخوا

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ خواتین کو خودمختار بنانے کیلئے کاروباری مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، کاروباری شعبہ سے وابستہ، تعلیم یافتہ و ہنرمند خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،ہمارے صوبہ کی خواتین قابلیت و صلاحیت میں کسی سے کم نہیں ہیں،صوبہ میں خواتین سرمایہ کاروں کو تجارتی سرگرمیوں کیلئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وویمن چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری پشاور کے نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت وویمن چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کی نائب صدر انیلہ خالد کررہی تھیں۔وفد میں جنرل سیکرٹری صائمہ محبوب، زارا امتیاز، تجلہ خالد، عذرا نورین، ثمینہ احمد، نفیسہ بانو و دیگر خواتین چیمبر کی عہدیدار شامل تھیں۔ملاقات میں کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کو درپیش مسائل و مشکلات سمیت صوبے میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خواتین انٹر پرینورز کے مواقع سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔ وفد نے گورنر کو چیمبر کیلئے اراضی، دوسرے صوبوں کیساتھ روابط اور غیر ملکی ڈونرز کیساتھ خواتین کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر تعاون کی درخواست کی۔گورنرنے وفدکو اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ وویمن چیمبر کا خواتین کو کاروباری شعبہ میں آگے لانے میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہاکہ خواتین کا کاروباری و تجارتی شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا استعمال حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔نائب صدر وویمن چیمبر انیلہ خالد نے خواتین کو کاروباری شعبہ میں تعاون کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔#

chitraltimes governor meeting with women chamber representatives

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
90316