Chitral Times

 صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ، فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، طیارہ امدادی سامان لے کر آج غزہ روانہ ہو گا: ترجمان دفترخارجہ

Posted on

 صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ، فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، طیارہ امدادی سامان لے کر آج غزہ روانہ ہو گا: ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد( چترال ٹائمز رپورٹ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور اسرائیل کے ہاتھوں اندھا دھند قتل عام کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی بربریت اور اس کے غیر متناسب ردعمل میں ہزاروں بے گناہ افراد کی شہادت کی مذمت کرے۔ صدر مملکت نے فوری جنگ بندی اور خوراک، بجلی اور پانی سے محروم لوگوں تک امداد بھیجنے کے لیے ایک انسانی راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جمعرات کو اسلام آباد میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے بھی ملاقات کی اور پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہے گا اور صرف وہی حل قبول کرے گا جو فلسطینیوں کے لیے قابل قبول ہو۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کو فلسطین میں ہونے والے مظالم پر بحث کرنی چاہیے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے قرارداد پاس کرے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے وحشیانہ اقدامات سے نفرت کے مزید امکانات پیدا ہوتے ہیں جس سے مزید جنگیں شروع ہوتی ہیں، او آئی سی کو فلسطین کی حمایت میں بھرپور آواز اٹھانی چاہیے،

 

صدر نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے، ہم غزہ میں ہونے والی بربریت، اسرائیل کے غیر متناسب ردعمل، اور گزشتہ 30-40 سالوں سے نسلی تفریق کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مذمت کرتے ہیں کہ لوگوں کو بے دردی سے مارا جا رہا ہے، غزہ کے ہسپتال پر بمباری کی گئی جس میں 500 سے زائد افراد شہید ہوئے، یہ سب کچھ مزید تلخی پیدا کرتا ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ دراصل امن کے کسی بھی امکان کو مکمل طور پر تباہ کر دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو پرامن دو ریاستی حل کے حصول کی کوششوں سے روکنے کے لیے دیواریں کھڑی کی جا رہی ہیں، ایسی دیواریں کبھی قائم نہیں رہتیں، عوام ان کو گرا دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک دو ریاستی حل کو روکا جائے گا، لوگ ردعمل ظاہر کرتے رہیں گے۔فلسطینی سفیر نے اس مشکل وقت میں فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کو فلسطینی عوام کی نسل کشی قرار دیا۔ قبل ازیں صدر مملکت نے فلسطینی سفارتخانے میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور فلسطینی عوام اور وحشیانہ اسرائیلی حملوں میں اپنی جانیں گنوانے والے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

 

chitraltimes president arif alvi visit plastinian ambessy for condolence
President Dr Arif Alvi recording his remarks in the condolence book during his solidarity visit to the Palestinian embassy, in Islamabad, on 19-10-2023.

طیارہ امدادی سامان لے کر آج غزہ روانہ ہو گا: ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ آج دوپہر ایک خصوصی چارٹر طیارہ کچھ امدادی سامان لے کر اسلام آباد سے غزہ کے لیے روانہ ہو گا، اسپیشل چارٹر طیارے میں امدادی سامان مصر کے ذریعے غزہ جائے گا، پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے ضروری ادویات، لحاف اور ٹینٹ بھجوائے گئے ہیں۔ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ غزہ اسپتال پر حملے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، پاکستان غزہ میں سیز فائر کے حق میں ہے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسرائیل سے فوری سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلسطینی بہن بھائیوں کی حالت زار پر شدید تشویش ہے، اس ضمن میں پاکستان او آئی سی ممبر اسٹیٹ کے ساتھ رابطے میں ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق دنیا کو یہ باور کروانے کی ضرورت ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد پہنچے، پاکستانی وزیرِ خارجہ نے ایران، یو اے ای اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے فلسطین کے مسئلے پر بات کی ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزارتِ خارجہ میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے معاملے پر اجلاس ہوا ہے، اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی ہمارے اس پلان میں شامل نہیں، غیر ملکیوں کی وطن واپسی کو آسان بنانے کے لیے وفاقی صوبائی سطح پر ہیلپ لائنز بنیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی پر کمیٹی بنے گی، ڈیڈ لائن کے بعد حکومت فیصلہ کرے گی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں سے کیسے ڈیل کرنا ہے، پاکستان نے افغان زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی آفر کی تھی۔ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا میں امن اور ڈائیلاگ کی حمایت کی ہے، پاکستان نے کبھی بھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا، اسرائیل کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں

 

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق سعوی عرب اور پاکستان کے اشتراک سے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس ہوا ہے، نگراں وزیرِ خارجہ نے اسرائیل فلسطین تنازع کی بنیادی وجہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد نہ ہونا قرار دیا ہے۔انہوں نے کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، گزشتہ ہفتے بھارت نے سری نگر جامع مسجد کو سیل کیا، بھارت مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی غیر قانونی گرفتاریوں کو روکے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سپورٹ جاری رکھے گا۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت میں صحافیوں پر مقدمات درج کرنا بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، ورلڈ کپ میزبان ہونے کے سبب بھارت سے اس کی ذمے داریاں پوری کرانا آئی سی سی کا کام ہے، افسوس ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی جرنلسٹس کو بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا۔اْن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 12 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا ہے کہ کل وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کی چینی وزیرِ اعظم سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور دوطرفہ تعلقات، سی پیک پر تبادلہ خیال کیا گیا، چین کے صدر شی جن پنگ سے انوارالحق کاکڑ آج ملاقات کریں گے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ نگراں وزیرِ اعظم نے یو این کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران غزہ کی صورتِ حال پر بات کی۔انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لیے چین گئے ہیں، گزشتہ روز افتتاحی اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم نے فورم سے خطاب کیا، وزیرِ اعظم نے کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی، وزیرِ اعظم کاکڑ روسی صدر پیوٹن اور چینی ہم منصب سے بھی ملے۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نگراں وزیرِاعظم ارومچی کا دورہ بھی کریں گے اور کل وطن واپس پہنچیں گے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80524