Chitral Times

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا جنوبی وزیرستان میں مقامی جرگے کی طرف سے صحافی معراج خالد وزیر کے گھر کو مسمار کرنے کے مبینہ فیصلے کا نوٹس

Posted on

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا جنوبی وزیرستان میں مقامی جرگے کی طرف سے صحافی معراج خالد وزیر کے گھر کو مسمار کرنے کے مبینہ فیصلے کا نوٹس

پشاور(چترال ٹایمزرپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ اعظم وارسک میں مقامی جرگے کی طرف سے صحافی معراج خالد وزیر کے گھر کو مسمار کرنے کے مبینہ فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ صحافی کے اہلخانہ اور گھر کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رابطہ کرکے مزید ہدایت کی کہ اس سلسلے میں متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی شخص کو کسی کا گھر مسمار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کو ئی بھی شخص ماورائے قانون کام کرے گا تو اس کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ معراج خالد وزیرکے اہلخانہ اور اس کے گھر کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کو قانون کے مطابق سزا دینا اداروں اور عدالتوں کا کام ہے، افراد کا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گااور ماورائے قانون اقدام کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی ۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79533