Chitral Times

سکولوں میں قرآن مجید سمیت دیگر اسلامی کتابیں پڑھانے سے متعلق رپورٹ طلب

Posted on

سکولوں میں قرآن مجید سمیت دیگر اسلامی کتابیں پڑھانے سے متعلق رپورٹ طلب

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری وزارت تعلیم سے قرآن مجید سمیت دیگر اسلامی کتابیں پڑھانے سے متعلق رپورٹ اور سکولوں میں پڑھانے والا نصاب طلب کر لیا۔تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن وترجمہ لازمی قرار دینے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین کے ایکٹ 2017 کے تحت پنجاب میں ناظرہ قرآن و ترجمہ اور اسلامی تاریخ پڑھانا لازمی ہے، وفاقی حکومت نے ابھی تک پاس کردہ قوانین پر عملدرآمد نہیں کیا۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق کا کہنا تھا کہ ویسے تو تعلیمی اداروں میں شرعیہ، اسلامیات، قرآن ناظرہ سب کچھ پڑھا رہے ہیں۔وزارت تعلیم کے نمائندے نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن اور ترجمہ پڑھایا جارہا ہے۔عدالت نے وزارت تعلیم سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹس طلب کر لیں اور وزارت تعلیم کے نمائندے کو ہدایت دی کہ کس کلاس میں کیا پڑھایا جا رہا ہے، یہ آپ نے بتانا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 14 نومبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔

 

الیکشن کمیشن میں عام انتخابات کیلئے مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا ہے، عمر حمید خان

اسلام آباد(سی ایم لنکس)الیکشن کمیشن میں عام انتخابات کیلئے مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا ہے، مرکزی مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر تمام کنٹرول رومز سے منسلک ہو گا، الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر میں 12 لنک ایل ای ڈیز نصب کی گئی ہیں۔پیر کو الیکشن کمیشن میں اس کنٹرول روم کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن میں بیک وقت 16 مانیٹرز دستیاب ہوں گے، انتخابات کے علاوہ مہم سمیت ہر انتخابی عمل کی مانیٹرنگ ہو گی، نتائج کی موصولی کیلئے بھی نیا سسٹم بنا دیا گیا ہے، مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر کو چیف الیکشن کمیشن کے وڑن کے مطابق ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں یہ مانیٹرنگ سیل مؤثر ثابت ہو گا۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر میں پہلی بار وٹس ایپ کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لوگ شکایات کی آڈیوز، ویڈیوز بھی وٹس ایپ پر بھیج سکتے ہیں۔ سپیشل سیکرٹری مانیٹرنگ ڈاکٹر آصف حسین نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات ماضی کے انتخابات سے الگ ہوں گے جہاں انٹرنیٹ کے مسائل ہوں گے وہاں کیلئے الگ حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے، صرف پولنگ کے دن نہیں بلکہ تمام انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی خلاف ورزیوں کی براہ راست ویڈیوز بھی موصول ہوتی ہیں، رزلٹ مرتب کرنے کا نظام بھی لایا جا رہا ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79292