Chitral Times

سوشل میڈیا پرزیربحث گریڈ چار کی اسلامیات کی کتاب منسوخ شدہ ایڈیشن ہے۔سیکریٹری ایجوکیشن

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)سیکرٹری محکمہ ابتدا ئی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گریڈ 4 کی اسلامیات کی کتاب کے متعلق کچھ ویڈیوز چلائی جا رہی ہے جوغلط فہمی پر مبنی ہیں اور اس ویڈیو میں جس کتاب کا حوالہ دیا جارہا ہے وہ منسوخ شدہ کتاب ہے۔ محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے مئی 2019 میں اس پر ایکشن لیا تھا، غلطی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی گئی تھی اور صوبے کے تمام سکولوں سے وہ کتابیں واپس لے کر انہیں نئی تصحیح شدہ کتابیں حوالہ کی گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ امسال 2020-21 میں اسلامیات کی گریڈ 4 کی کتاب بمہ تمام کورس ہر قسم کی غلطیوں سے پاک ہے۔سیکرٹری تعلیم نے مزید کہا کہ ٹیکس بک بورڈ خیبر پختونخوا کی طرف سے آج ایک نوٹس بھی جاری کیا جا چکا ہے جس میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ اسلامیات کی گریڈ چار کی کتاب مئی 2019 سے منسوخ ہے جن کے کوڈ نمبرPSP/GF-36-137-1920(O) بھی دیے گئے ہیں اور اس کی ہر قسم کی تقسیم اور فروخت پر مئی 2019 سے مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ جو بھی فرد یا بک سیلر ممنوعہ کتب کی تقسیم/ فروخت کے عمل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور سکول سربراہان سے بھی گذارش کی گئی ہے کہ وہ تصحیح شدہ کتابوں کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ سیکرٹری تعلیم ندیم اسلم چوہدری نے عوام الناس، طلبہ اور اساتذہ سے بھی گذارش کی ہے کہ جس کے پاس بھی وہ پرانی کتابیں جن میں غلطی ہوئی تھی اگر موجود ہو ں تو وہ اپنے متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے پاس جمع کرا دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
35719