Chitral Times

خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع

Posted on

خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریاں شروع

پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا میں اضلاع کی سطح پر عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئیں، حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کی فہرستیں بنانے، پولنگ اسٹیشنز کے اطراف میں کیمرے لگانے، شفاف، منصفانہ اور پْرامن انتخابات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی گئی۔ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے لیے تیاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، تمام ڈویڑن کے کمشنرز نے تیاریوں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔کمشنر پشاور کے زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے لیے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو انتظامی اور سیکیورٹی پلان ترتیب دینے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر، ایس پی سیکیورٹی پشاور، پشاور ڈویڑن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے شرکت کی۔انتخابات سے قبل انتہائی حساس، حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنز کا تعین کیا جائے گا، کمشنر پشاور ا کہنا تھا کہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، پولنگ اسٹیشنز اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔

 

سندھ: بلدیاتی نمائندوں کو مالی اختیارات کی فراہمی کیخلاف درخواست نمٹا دی گئی

کراچی(سی ایم لنکس)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے میئر اور چیئرمینز کو ڈی ڈی او پاورز دینے کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔کراچی کے بلدیاتی نمائندوں کو مالی اختیارات کی فراہمی کا نوٹیفکیشن رواں ماہ کے آغاز میں عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا، جس پر سماعت ہوئی، تاہم عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔ایڈووکیٹ نہال لاشاری نے دورانِ سماعت مو قف اختیار کیا کہ آزاد جمہوری نظام کے لیے فری اینڈ فیئر الیکشن بہت ضروری ہیں، میئر کراچی نے 3، ڈپٹی میئر نے 2 حلقوں سے انتخابات لڑنے کے لیے فارم جمع کرائے ہیں، ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے 3 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا، ضمنی الیکشن سے قبل بلدیاتی نمائندوں کو مالی اختیارات فراہم کرنا بدنیتی ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ مالی اختیارات دیے جانے کے بعد بلدیاتی نمائندے ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، اس سے قبل مالی اختیارات میونسپل کمشنر اور ٹرانزیشن افسران کے پاس تھے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ ضمنی الیکشن شفاف بنانے کے لیے بلدیاتی نمائندوں کو مالی اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80589