Chitral Times

خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی مہم 15 نومبر سے شروع ہوگی، مہم کا افتتاح خطیب مولانا خلیق الزمان نے کیا

خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی مہم 15 نومبر سے شروع ہوگی، مہم کا افتتاح خطیب مولانا خلیق الزمان نے کیا

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح چترال لوئر میں بھی خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی مہم 15 نومبر سے باقاعدہ طور پر شروع ہوگی۔مہم کا افتتاح شاہی خطیب چترال مولانا خلیق الزمان نے کیا۔ 15 سے 27 نومبر تک چترال لوئر میں ایک لاکھ بیس ہزار بچے جنکی عمریں 9 ماہ سے 15 سال تک ہیں کو خسرہ اور روبیلہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائینگے۔ چلڈرن اینڈ گائنی ہسپتال جنگ بازار چترال میں مہم کے حوالے سے آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر حیدرالملک، ای پی آئی کوارڈنٹرڈاکٹر فرمان نظار، ڈبلیو ایچ او کی طرف سے نمائندہ ڈاکٹر سلیم سیف اللہ خان، چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر گلزار احمدکے علاوہ ڈاکٹرز، نرسز، انتظامیہ کے نمائندگان ودیگر نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر فرمان نظار نے اس موقع پر بتایا کہ کہ اس مہم میں فکسڈ اور موبائل ہیلتھ ٹیمیں محلے محلے، سکولوں میں جاکر بچوں کو ٹیکے لگائینگی۔ انھوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے بھی پلوائے جائیں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے خطیب اور جید علماء سے درخواست کی کہ اس مہم کی آگاہی گھر گھر پہنچنی چاہئیے تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکے سے رہ نہ جائے انہوں نے تمام شرکاء اور عوام سے اپیل کی اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پوری توانائیاں صرف کریں تاکہ اپنے بچوں کو روبیلا اور خسرہ جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ کیا جاسکے۔ تقریب کے آخر میں بچوں کو ٹیکے لگاکر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔

chitraltimes measles and rubella campain kicked off in chitral3 2
chitraltimes measles and rubella campain kicked off in chitral3 3

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
54911

خسرہ اورروبیلا سے بچاو کی ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنا نے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں۔چیف سیکریٹری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں رواں ماہ 15 نومبر سے 27 نومبر تک جاری رہنے والی خسرہ اور روبیلا سے بچاو کی ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات یقینی بنائے جائیں جبکہ خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم بارے میں منصوبہ بندی سے متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ کیا جائے۔ یہ ھدایات چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

ٹاسک فورس اجلاس میں گزشتہ انسداد پولیو مہم کے جائزے سمیت رواں ماہ خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے اقدامات اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی و چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت رابعہ بصری، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری صحت، ڈویژنل کمشنرز، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا، ای پی آئی ڈائریکٹر محمد عارف، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ای او سی کوآرڈینیٹر نے آگاہ کیا کہ پچھلے 15 ماہ سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔

انہوں نے کچھ اضلاع میں پولیو ورکرز کو معاوضے کی ادائیگی میں التواء بارے میں آگاہ کیا جس پر چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو معاوضے کی ادائیگی میں پیچیدگیوں کو ختم کرکے جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ ای پی آئی ڈائریکٹر نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں امسال خسرہ کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2638 ہے۔ انہوں کہا کہ خسرہ سے بچاو کی ویکسینیشن مہم 15 نومبر سے 27 نومبر تک جاری رہے گی جس میں صوبے بھر میں 13741 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 15ملین بچوں کو ویکسین لگوائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں خسرہ سے بچاو ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ضروری اقدامات جلد یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ اطلاعات اور محکمہ صحت مل کر خسرہ سے بچاو کی ویکسینیشن مہم بارے میں عوام کو آگاہی دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ تمام اداروں کی انتھک محنت اور کاوشوں سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں اور اسی طرح خسرہ سے بچاؤ کے لئے بھی سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس مہلک مرض سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
54455