Chitral Times

کابینہ ڈویڑن کی وزارتوں کو جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

Posted on

کابینہ ڈویڑن کی وزارتوں کو جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)کابینہ ڈویڑن نے وزارتوں کو جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ ڈویڑن نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کو مراسلہ جاری کر دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نام سے آنے والی ای میلز اور فون کالز جعلی بھی ہو سکتی ہیں، جے ایس کوآرڈینیشن اور پی ایم آفس کی آئی ڈی سے مختلف وزارتوں اور ڈویڑنز کو جعلی ای میلز بھیجی جا رہی ہیں۔کابینہ ڈویڑن کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں واٹس ایپ سے بھی جعلی پیغامات بھیجے گئے ہیں، پی ایم آفس اور ایس آئی ایف سی سیل سیکریٹریٹ کے جعلی ایڈریس سے مختلف وزارتوں کو پیغامات بھیجے گئے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس تمام معاملے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کی جا رہی ہیں، جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر ایس آئی ایف سی، پی ایم سیکریٹریٹ جاوید اور شہزاد احمد کی کالز اور ان کی فائلوں کو ڈاؤن لوڈ نہ کیا جائے۔کابینہ ڈویڑن نے کہا کہ شہزاد احمد کے نام سے آؤٹ لک ایڈریس والی ای میلز اور واٹس ایپ کو نہ کھولا جائے، ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کے حوالے سے ای میلز کو بھیجنے والے سے تصدیق کر کے کھولا جائے۔مراسلے کے مطابق تمام سسٹمز میں اینٹی وائرس انسٹال کیا جائے، جن وزارتوں نے پریس سیکریٹری وزیرِ اعظم آفس کی 3 اگست 2022ء کی ای میل کھولیں وہ اس آئی پی ایڈریس کو بلاک کریں۔

 

خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور کے زیر اہتمام فارم ڈی، ڈی پی ٹی، بی ایس نرسنگ اور بی ایس الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے نتائج کا اعلان دو سے تین دنوں کے اندر کیا جائے گا

پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ)خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور کے زیر اہتمام فارم ڈی، ڈی پی ٹی، بی ایس نرسنگ اور بی ایس الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے مختلف شعبوں میں داخلوں کے لیے تیسرا کے ایم یو سنٹرلائزڈ داخلہ ٹیسٹ صوبے کے 9 مراکز میں منعقد ہوا۔ مذکورہ ٹیسٹ میں کل 16679 امیدواروں نے حصہ لیا۔ ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان دو سے تین دنوں کے اندر کیا جائے گا جسے کے ایم یو کی آفیشل ویب سائٹ (http//:cat.kmu.edu.pk) پر دیکھا جاسکے گا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ ان امیدواران کے لیئے منعقد کیاگیا جو کسی بھی وجہ سے پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔حالیہ ٹیسٹ میں پشاور کے تین مراکز جن میں اسلامیہ کالجیٹ سکول، شیخ تیمور اکیڈیمک گراؤنڈ پشاورچڑیا گھرگیٹ اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 پشاور سٹی شامل تھے میں 5531 طلباء نے شرکت کی،کے ایم یو آئی ایچ ایس ایبٹ آباد میں 863، اقراء یونیورسٹی سوات 2796، مردان بورڈ گراؤنڈ میں 2322 طلباء، کے ایم یو آئی ایم ایس کے ڈی اے کوہاٹ میں 1117، کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ساینسزاسلام اباد میں 73، کے ا یم یو انسٹی ٹیوٹ کرم پاڑاچنار کرم میں 14امیدوار ان نے شرکت کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے ایم یو کے اس تیسرے ٹیسٹ میں 16679 امیدواروں کی شرکت نہ صرف کے ایم یو پر اعتماد کا اظہار ہے بلکہ اس سے الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے میرٹ اور معیار میں مزید بہتری کی بھی امید ہے۔ واضح رہے کہ صحت کا شعبہ ایک جامع نظام پر مشتمل ہے جس میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ فارمیسی،فزیوتھراپی، نرسنگ اورالائیڈ ہیلتھ سائنسز کے مختلف شعبہ جات بنیادی اہمیت کے حامل ہیں۔ توقع ہے کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں داخلوں کے لیے تیسرے سنٹرلائزڈ داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد اگر ایک طرف ہونہار طلبہ کو ان شعبوں میں آگے آنے کا موقع فراہم کرے گا تو دوسری جانب صوبے میں اس سے ہیلتھ کیئر سسٹم کا مجموعی معیار بھی مذید بہتر ہوگا۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80661