Chitral Times

توہینِ الیکشن کمیشن کیس، چیئرمین پی ٹی آئی سے تحریری معافی نامہ طلب

Posted on

توہینِ الیکشن کمیشن کیس، چیئرمین پی ٹی آئی سے تحریری معافی نامہ طلب

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیرِ اعظم سے تحریری معافی نامہ طلب کر لیا گیا۔چئیرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔سماعت کی کارروائی کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین، اے آئی جی پنجاب آپریشن ڈاکٹر اسد، سیاسی رہنما اسد عمر اور فواد چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔کیس پر سماعت کے دوران اے آئی جی پنجاب آپریشن ڈاکٹر اسد نے عدالت میں کہا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ایسے علاقے میں ہے جہاں سیکیورٹی خدشات ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو بھی خطرہ ہے، انہیں پیش کرنا ممکن نہیں۔سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا کہ وزارتِ داخلہ اور پولیس کی طرف سے بھی یہی خط موصول ہوا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن پیش نہیں کر سکتے، پولیس اور وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق تھریٹ الرٹ آئے ہیں، اڈیالہ جیل سے متعلق بھی تھریٹ الرٹ ہے،

 

وزارتِ داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات پر چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن نہیں لا سکتے، وزارتِ داخلہ کہہ رہی ہے کہ الیکشن کمیشن اڈیالہ جیل جا کر سماعت کرے، الیکشن کمیشن کو تو خود سیکیورٹی خدشات ہیں۔ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کا کہ ہم کیسے جیل جائیں، اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہے، ہم اتنی دور کیسے جائیں، اس پر پنجاب پولیس نے بتایا کہ اڈیالہ جیل بہت گنجان آبادی کا علاقہ ہے، فی الحال ان کی پیشی ممکن نہیں۔ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ ہم 2 ماہ بعد الیکشن میں جا رہے ہیں، ایک بندے کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے تو ملک میں کیسے الیکشن کرائیں گے؟چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ آپ اس کیس کو ڈراپ کر دیں، تنقید کرنا ایک چیز ہے، اس سے آگے اب کچھ نہیں کہیں گے، میں ذاتی طور پر کہتا ہوں۔ممبرالیکشن کمیشن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے لکھوا کر لے آئیں کہ معذرت کرتا ہوں، اختلافِ رائے حق ہے، گالی دینا حق نہیں۔وکیل شعیب شاہین نے الیکشن کمیشن میں کہا کہ ایک سال سے کیس زیرِالتواء ہے، ہم تو چیئرمین پی ٹی آئی سے مل نہیں سکتے، آپ اس کیس کا التواء کر دیں، اس کو الیکشن کے بعد کے لیے فکس کر دیں جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کے سیکریٹری کو آئندہ طلب کریں، وہ کیسے کہہ رہا ہے کہ ہم اڈیالہ جیل چلے جائیں، ایک قیدی کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے تو آئندہ الیکشن میں کیا کریں گے؟

 

سیکریٹری عمر حمید نے کہا کہ آپ وزارتِ داخلہ کو ہدایت کر سکتے ہیں کہ وہ پیرا ملٹری فورس دیں۔وکیل شعیب شاہین نے جواب دیا کہ ایک بندے کو بلانے کے لیے بھی فوج اور رینجرز کو بلانا پڑے گا۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ میں پہلے بھی پیش ہوتا رہا ہوں آج بھی حاضر ہوں، میں معافی نامہ دینا چاہتا ہوں، تحریری معافی نامہ دے دیتا ہوں۔دوسری جانب اسد عمر نے کہا کہ میرے وکیل انور منصور آج کراچی میں مصروف ہیں، اسی کیس سے متعلق سماعت ہے، میری مجموعی شہرت ہے، کوئی یقین ہی نہیں کرے گا کہ اسد عمر نے توہین آمیز بات کی، میں تو بہت سوئٹ باتیں کرنے والا ہوں۔اس پر ممبرالیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چوہدری نے تو کہا تھا کہ ان کی پارٹی لائن تھی، اْس لائن پر تو یہ اب خود نہیں، لائن ڈھونڈی بھی ہے کہ نہیں؟جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ ہم تو خود لائن ڈھونڈ رہے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف سماعت بھی 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 درخواست ضمانتوں پر سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 درخواست ضمانتوں پر سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 درخواست ضمانتوں پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر عمیر نیازی، خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی گئی۔عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی درخواست ضمانت پر سماعت حتمی دلائل تک 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت 15 اگست کو عدم پیروی پر خارج کر دی گئی تھی۔

یہ جو نیلسن منڈیلا آئے ہیں، اپنے بھائی سے مہنگائی کا حساب لیں: پرویز الہٰی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ کہا ہے کہ یہ جو آ گئے ہیں نیلسن منڈیلا اپنے بھائی سے مہنگائی کا حساب لیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاسی شہرت میں اضافہ ہوا ہے۔پرویز الہٰی نے احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران کو کوئی نہیں سنے گا، ان کی دکان بند ہو چکی ہے۔پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مہنگائی میں اتنا اضافہ ہوا کہ لوگ خود کشی پر مجبور ہو گئے، لوگوں نے نیلسن منڈیلا کے آنے پر خودکشیاں کی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو یہ سارا کچھ کر رہے ہیں ان کو الیکشن میں پتہ چل جائے گا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا انتخابات کیس سے متعلق بینچ بننا ملک کے لیے بہتر ہے، سپریم کورٹ کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ آ جائے گی۔پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا ہے کہ شریفوں کی انتخابات میں دھاندلی کرنا بھول ہے، کوئی انتخابات میں دھاندلی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80754