Chitral Times

توشہ خانہ، 190ملین پاؤنڈ کیس، بشریٰ بی بی کی ضمانتیں منظور

Posted on

توشہ خانہ، 190ملین پاؤنڈ کیس، بشریٰ بی بی کی ضمانتیں منظور

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ)احتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ضمانتیں منظور کر لیں۔احتساب عدالت اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔بشریٰ بی بی اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے بشریٰ بی بی کو روسٹرم پر بلا لیا۔جج نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 31 اکتوبر تک ضمانت منظور کی۔وکیلِ صفائی لطیف کھوسہ نے جج سے کہا کہ کافی عرصہ ہو گیا آپ کو دیکھا نہیں، جس پر ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے کہا کہ اب نارکوٹکس کی عدالت کا چارج مل گیا ہے۔لطیف کھوسہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جس دن احتساب عدالت نے درخواست ضمانت نمٹائی، اسی دن نیب نے نیا نوٹس بھیج دیا۔

 

چیئرمین PTI کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس، اسپیشل پراسیکیوٹر کی حاضری تک سماعت میں وقفہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت میں اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی حاضری تک وقفہ کر دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت کے دوران ان کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل سلمان صفدر نے دورانِ سماعت مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، ابھی بھی ہو رہی ہے، مجھے نہیں معلوم اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں ہیں یا نہیں۔جس پر معاون پراسیکیوٹر روسٹرم پر آ گئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن عدالت میں موجود ہے، اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی اسلام ہائی کورٹ میں مصروف ہیں۔اس پر وکیل سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو بلا لیں، 2 بجے سماعت رکھ لیتے ہیں، میں انتظار کر لوں گا، آج یا کل اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی سے عدالت میں پیش ہونے کی گارنٹی لیں۔سماعت کے دوران جج مرید عباس نے کہا کہ میں نے صرف خاتون جج دھمکی کیس کی وجہ سے آج کے دیگر کیسز ملتوی کر دیے ہیں، کل دوبارہ خاتون جج دھمکی کیس رکھ لیا تو دیگر کیسز کے ساتھ زیادتی ہو گی۔اس پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے شہر میں آیا ہوں، میرے ساتھ زیادتی نہ کریں، انہوں نے بھی لاہور کبھی نہ کبھی آنا ہے، زیادتی جائز نہیں، اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو کہیں کہ صرف اپنا چہرہ ہی دکھا جائیں۔وکیل سلمان صفدر کی استدعا پر عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80355