Chitral Times

وفاقی حکومت کا مینڈیٹ کے برخلاف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دینے کا فیصلہ

Posted on

وفاقی حکومت کا مینڈیٹ کے برخلاف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ )نگراں حکومت نے اپنے مینڈیٹ کے برخلاف ترقیاتی منصوبوں کی منظوریوں کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو کہ مزید غیر ملکی قرضوں کے حصول کیلیے ضروری ہے۔نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکیوٹیو کمیٹی کی تشکیل نو کر دی ہے، جو کہ ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دینے کی اتھارٹی ہے، نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ تین وفاقی وزراء اور چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ اس کے ممبر ہونگے۔ذرائع کے مطابق پلاننگ کمیشن اگلے ہفتے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے 300 ملین ڈالر کے قرضوں کے سلسلے میں ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس دوبارہ طلب کرسکتا ہے، اس سے قبل عالمی بینک بھی ایف بی آر میں اصلاحات کیلیے 400 ملین ڈالر کا قرضہ دے چکا ہے، لیکن کچھ نہیں بدلا، نگراں حکومت کی جانب سے ECNEC کی تشکیل نو اور CDWP کا اجلاس نگراں حکومت کے مینڈیٹ کی خلاف ورزی ہے، نگراں حکومت صرف جاری منصوبوں کے متعلق ہی فیصلے کرنے کا مینڈیٹ رکھتی ہے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی قرضوں کے حصول کیلیے کچھ غیرملکی فنڈڈ پراجیکٹس کیلیے ورکنگ پیپرز اور کانسیپٹ پیپرز کی منظوری درکار ہے، جس کی وجہ سے یہ اقدامات کیے جارہے ہیں، جن میں ایشین بینک کے تعاون سے چلنے والا 300 ملین ڈالر کا ڈومیسٹک ریسورز موبلائزیشن بجٹ سپورٹ لون سرفہرست ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے رواں ہفتے ایشین بینک کے ڈائریکٹر جنرل سے ورچوئل اجلاس میں 300 ملین ڈالر کا قرضہ جاری کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن انھوں نے منظوری کے منتظر کچھ معاملات کی وجہ سے انکار کردیا تھا۔

 

سانحہ 9 مئی آرمی چیف اور ان کی ٹیم کے خلاف بغاوت تھی، ذمہ داروں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی: نگران وزیر اعظم

اسلام آباد(نیوز ایجنسیز)پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 9مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کو دْنیا بھر نے دیکھا، عالمی اخبارات نے اس سانحہ کو رپورٹ کیا۔ اس طرح کی ہلڑ بازی کسی طرزِ حکومت میں قابل قبول نہیں۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ بغاوت اور خانہ جنگی کی کوشش تھی اور اس کا ہدف موجودہ آرمی چیف اور اْن کی ٹیم تھی۔ ایسا تاثر نہیں دینا چاہتے کہ 9مئی کے ملزمان کے خلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے لیکن اگر ملکی قوانین کو پامال کرنے اور تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی نہ ہوئی تو ہم اس معاملے میں فریق نظر آئیں گے۔ پتھر مارنے، گالیاں دینے اور عمارتیں جلانے کا حق کسی سیاسی جماعت کو نہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے بتایا کہ میرے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ کبھی وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھوں گا۔ ٹی ٹی پی یا کسی بھی کالعدم تنظیم سے نمٹنے کیلئے ریاست کے پاس مذاکرات اور فورس دونوں ٹول موجود ہیں۔ پاک بھارت تجارت کے حوالے سے حتمی فیصلہ بھارتی سیاستدانوں کو کرنا ہے۔ سائفر کا معاملہ بہت اہم مسئلہ ہے۔

 

بہت جلد قوم کو خوشخبری ملنے والی ہے: نگراں وزیرِ مذہبی امور

کراچی(سی ایم لنکس)نگراں وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ بہت جلد قوم کو خوشخبریاں ملنے والی ہیں۔کراچی میں انیق احمد نے جامعہ بنوریہ کے طلباء و اساتذہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیق احمد نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کچھ ہدایات جاری کی ہیں ان پر عمل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی بات نہیں، مسائل پر قابو پالیں گے، جب بجلی کا بل زیادہ آتا ہے تو بیوی لڑتی ہے۔انیق احمد کا کہنا ہے کہ قوم کو مایوسی سے نکالنا ہے، مایوسی کفر ہے، اگلا الیکشن ساز گار ماحول میں ہونا چاہیے۔وفاقی وزیرِ مذہبی امور نے مزید کہا کہ جنت کے ٹھیکیدار ہم نہیں، یہ اللّٰہ کا معاملہ ہے، حرف تہجی میں س اور ش ساتھ ساتھ ہیں اسی طرح شیعہ سنی ساتھ ساتھ ہیں، ہمارے معاشرے سے اعتراض ختم ہوجائے تو سب ٹھیک ہو جائے، سختیاں اور منافقت سب کو ختم ہونا چاہیے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے پر کام ہو رہا ہے، حجاج کی بہترین خدمت کرنا چاہتے ہیں

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78606