Chitral Times

ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، نامزد ملزمان کی پیشی کے نوٹسز جاری

Posted on

ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، نامزد ملزمان کی پیشی کے نوٹسز جاری

پشاور(چترال ٹایمزرپورٹ)احتساب عدالت پشاور نے ضم اضلاع خیبر، باجوڑ اور مہمند میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن سے متعلق ریفرنسز میں نامزد ملزمان کی پیشی کے نوٹسز جاری کر دیے۔احتساب عدالت کے جج گوہر الرحمٰن نے کیس کی سماعت کی۔نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ 31 ملزمان نے ترقیاتی اسکیموں میں کرپشن کی ہے، ملزمان میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے 19 افسران بھی شامل ہیں، تحقیقات مکمل کر کے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔حکام نے کہا کہ حکومت نے 52 منصوبوں کے لیے ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے تھے، فنڈز سال 22-2021 کے منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے تھے، ملزمان نے ملی بھگت سے غیرقانونی طور پر 47 ٹھیکے دیے۔عدالت میں نیب حکام نے کہا کہ ملزمان نے جعلی پیمائشی بکس پر ادائیگی بھی کیں، ملزمان نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔پشاور کی احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

 

 

جبری گمشدگی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیلئے وفاقی حکومت سے جواب طلب

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جبری گمشدگی انکوائری کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے کیس میں 10 اکتوبر کو وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے دو صفحات کا تحریری حکم جاری کر دیا۔عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ حکومت معاملہ کابینہ کے سامنے رکھے گی یا کسی اور طریقے سے حل کرے گی؟جواب دیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل وفاقی حکومت سے ہدایات لے کر آگاہ کریں۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ افراد انکوائری کمیشن کی رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی، درخواست گزار ایمان مزاری نے بتایا جن بلوچ طلبہ کا ذکر کیا گیا ان میں سے ایک بھی بازیاب نہیں ہوا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وضاحت کی کہ کمیشن نے تین بلوچ طلبہ کا کیس حل کر دیا تھا۔عدالت نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا درخواست گزار نے جن 55 بلوچ طلبہ کا ذکر کیا وہ معاملہ ابھی حل ہونا باقی ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل حکومت سے ہدایات لے کر 10 اکتوبر تک رپورٹ جمع کرائیں۔

 

شیخ رشید کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں، شیخ راشد شفیق

راولپنڈی(سی ایم لنکس)شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ سات دن گزر گئے سابق وفاقی وزیر کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔ایک بیان میں شیخ راشد شفیق نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے عدالت میں کہا انہوں نے شیخ رشید کو گرفتار نہیں کیا، عدالت نے پولیس کی رپورٹ مسترد کر دی۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، لال حویلی کو بھی سیل کردیا گیا ہے، پولیس وہاں پہرہ دے رہی ہے۔شیخ راشد شفیق کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو عدالت میں پیش کیا جائے، ہم عدالتوں کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔واضح رہے کہ 17 ستمبر کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ شیخ رشید کو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79462