Chitral Times

چترال کے بالائی میں بلکی برفباری کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری

چترال کے بالائی میں بلکی برفباری کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) اتوار کے روز لوئر اور اپر چترال کے بالائی مقامات اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ نشیبی علاقوں میں ہلکی بارش جاری رہی ۔ اپر چترال کے کھوت تورکہو ، ریچ ، تریچ ، یارخون ، لاسپور اور لوئر چترال کےگولین ، گرم چشمہ ، کالاش ویلیز ، مڈکلشٹ اور لواری ٹنل روڈ پر برف پڑی ۔ اور لواری ٹنل سمیت بعض ویلیز سڑکوں میں گاڑیوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ برفباری کے سبب اپر چترال بونی پل کے قریب ٹیک لشٹ کی اترائی میں سوزوکی کیری برف پر پھسل کر کھائی میں درختوں کے بیچ جاگری، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ بعد آزان ریسکیو1122 اپر چترال ٹیم نے ڈزاسٹر وہیکل کے ذریعے متاثرہ سوزوکی کو کھائی سے نکالا اور مالک کے حوالے کر دیا۔ لواری ٹنل انتظامیہ اور ریسکیو اپر چترال نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے ۔ کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ اور اگر سفر کرنا ضروری ہو ۔ تو ٹائروں پر سنو چین کا استعمال لازمی کریں ۔ تاکہ گاڑیاں پھسلن سے محفوظ ہو سکیں ۔ درین اثنا بارش اور برفباری سے پانی کی قلت والے بارانی علاقے اورغوچ ، اوچشٹ ، بروز ، سویر ، دروش ، کجو اور موڑکہو کے لوگوں نےخوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور گندم کی فصل کیلئے اسے انتہائی ضروری قرار دیا ہے ۔ بارشوں سے سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔ اور جلانی کی لکڑی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے ۔

chitraltimes rescue 1122 snow clearing upper chitral
chitraltimes rescue 1122 snow clearing upper chitral1
chitraltimes rescue 1122 snow clearing upper chitral suzuki slip
chitraltimes rescue 1122 upper chitral rescued suzuki in snow
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
58076

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری کے مختلف حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق،متعدد زخمی

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری کے مختلف حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق،متعدد زخمی

پشاور( چترال ٹائمز رپورٹ)خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے مختلف حادثات میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ کئی گھروں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔دیر بالا کے علاقے ڈوگ درہ میں شدید بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جان بحق ہوگئے.یہ واقعہ ڈوگ درہ کے علاقے میں پیش آیا. جان بحق افراد میں ماں,تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں. پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق دیر بالا اور لوئر کوہستان میں مزید مختلف حادثات کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا۔شانگلہ اور دیر بالا میں چار گھروں کوجزوی نقصان پہنچا۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کاامکان ہے۔سوات میں برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مالم جبہ’ کالام اور بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ کالام میں دو فٹ، مالم جبہ میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات نتھیا گلی،ایوبیہ، خانسپور میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات نے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، باجوڑ اور کرم میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شانگلہ، سوات، بونیر، دیر، چترال، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع میں تیز بارش اور برفباری کی وجہ سے روڈ بندش اور لینڈسلاڈینگ کا خدشہ ہے۔

مری میں سیاحوں کی ہلاکتیں کس وجہ سے ہوئیں؟ ماہرین نے بتادیا


مری(سی ایم لنکس) ماہرین کے مطابق مری میں برف کے طوفان سے گاڑیوں میں ہلاکتیں ہائپو تھرمیا سے ہوئیں۔ماہرین کے مطابق انسانی جسم کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے آ جائے تو اسے ہائپو تھرمیا کہتے ہیں، ہائپوتھرمیا کی کیفیت انتہائی ٹھنڈی جگہ پر زیادہ دیر رکنے یا ٹھنڈے یخ پانی میں تیرنے سے پیدا ہوتا ہے۔ہائپوتھرمیا سے انسان کو دل کا دورہ اور گردے بھی فیل ہو سکتے ہیں،ہائپو تھرمیا میں آکسیجن کی مقدار کم ہونے سے انسان موت کی آغوش میں چلا جاتا ہے۔ اب تک ہائپو تھرمیا کے باعث مری میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ریسکیو کی جانب سے ہلاک ہونے والیافراد کی فہرست جاری کردی گئی۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق لاہور،گجرانوالہ،اسلام آباد،مردان اور کراچی سے ہے۔ گجرانوالہ سے 37 محمد اشفاق لاہور سے 31 سالہ معروف اشرف شامل ہیں۔

chitraltimes Mari incident 22 dies tourists 21
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
57087

گلیات ودیگرعلاقوں میں برفباری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ

گلیات ودیگرعلاقوں میں برفباری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کمشنر ہزارہ کو ہدایت کی ہے کہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں شدید برفباری کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار اور ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے اور مری سمیت گلیات کے آس پاس علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے ضروری کاروائیوں کا عمل تیز کیا جائے۔ ہزارہ کے سیاحتی مقام گلیات میں شدید برفباری اور مری میں سیاحوں کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ سے ٹیلفونک رابطہ کرتے ہوئے انہیں ان علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گلیات، مری اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال پر ہمہ وقت کڑی نظر رکھی جائے،اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ کو خصوصی ہدایات کی کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے راولپنڈی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں راولپنڈی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط قائم کئے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ان سیاحتی مقامات میں گاڑیوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے،اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے۔ درایں اثناءوزیر اعلیٰ نے گلیات میں برفباری کی صورتحال سے متعلق یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں، گلیات میں سیاحوں سے متعلق کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، وہاں پر کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 سمیت ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، گاڑیوں میں موجود تمام سیاحوں کو ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ گلیات میں مزید گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 سڑکوں سے برف ہٹانے، برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے تمام تر افرادی قوت اور مشینری کے ساتھ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
<><><><><><>

وزیراعلیٰ کا اپر دیر میں برفباری کے نتیجے میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپر دیر کے علاقہ ڈوگ درہ میں برفباری کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور بچوں سمیت پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔


دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اپر دیر کو فوری طور پر ڈوگدرہ پہنچ کر متاثرہ خاندان سے ملنے اور انہیں درکار ہر قسم کا ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مختلف واقعات کے نتیجے میں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے حالیہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے ان بارشوں اور برفباری کی وجہ سے کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے ، متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور برفباری اور لینڈ سیلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں کو آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے کے لئے بروقت ضروری کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ وزیر اعلی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں بے گھر لوگوں پناہ گاہوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے اور ان کے قیام و طعام کے لئے درکار تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص سردی کے اس موسم میں باہر کھلے آسمان تلے نہ سوئے ، حکومت اس مقصد کے لئے تمام تر درکار وسائل فراہم کرے گی۔

دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مری میں سیاحوں کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں متعدد سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57085

چترال سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں ہفتے کی شام سے با رشوں اور برفباری کا امکان ہے۔ موسمیات

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخواکےبعض اضلاع میں ہفتے کی شام سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اےخیبر پختونخوا نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیاہے۔ جس کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، باجوڑ اور کرم میں وقفے وقفے سے بارش اور گلیات، ناران، کاغان چترال، دیر، سوات اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔


پی ڈی ایم اے نے بارشوں و برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برفباری کا سلسلہ منگل کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہے۔جبکہ پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ھیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں..

pmdc weather alert
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
56522