Chitral Times

بجٹ میں تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 اور پنشن میں 15 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے.وزیرخزانہ

بجٹ میں تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 اور پنشن میں 15 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا

پشاور ( نمایندہ چترال ٹایمز ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ مالی سال 2022-23 کے بجٹ میں تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 اور پنشن میں 15 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کے لیے  DRA کے علاوہ ہے اور محکمہ پولیس کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ نئے قومی پے سکیلز کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاونسز بھی بیسک میں ضم کئے جائینگے۔ گریڈ چھ سے سولہ تک کے پولیس شہدا پیکج کو بڑھایا گیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پچھلے چند سالوں میں ہمارے پنشن کے اخراجات میں سو گُنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بڑھتے ہوئے پنشن کے اخراجات کو کم کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ جلد ریٹائرمنٹ کے لئے کم از کم عمر میں اضافے سے سالانہ 12 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ پنشن رولز میں تبدیلی سے سالانہ ایک ارب روپے کی بچت ہوگی۔ کنٹری بیوٹری پنشن نظام متعارف کرانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائینگے،عوام میں پنشن کے خاتمے بارے چلنے والی افواہوں بارے وزیر خزانہ نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے کنٹری بیوٹری پنشن کے اجراء سے ان کی پنشن محفوظ ہو گی۔سول سروانٹ ایکٹ میں ترمیم سے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو کنٹری بیوٹری پروویڈنٹ فنڈ میں شامل کیا جائے گا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ 63000 ملازمین کو مستقل کیا جارہا ہے۔ 58 ہزار اساتذہ اور سابقہ فاٹا کے 128 پروجیکٹس کے 4 ہزار سے زائد ملازمین کو مستقل کیا جائے گا جبکہ 675 ایڈہاک ڈاکٹرز کو یکم جولائی سے مستقل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ صحت کارڈ پلس ٹاپ اپ پیکج تمام سرکاری ملازمین کیلئے او پی ڈی سہولیات کے ساتھ شروع ہوگا۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62292