Chitral Times

بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے نیپرا کو درخواست

Posted on

 

بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے نیپرا کو درخواست

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے نیپرا کو درخواست کردی۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کیلیے نیپرا کو درخواست دی ہے جس میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں چار روپے پانچ پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔نیپرا کا کہنا ہیکہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست دی ہے جس پر سماعت اکتیس مئی کو ہوگی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر انسٹھ ارب پینتالیس کروڑ روپے اضافی بوجھ منتقل ہوسکتا ہے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے ہے۔

بجلی 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دے دی۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان حال عوام کے لئے ایک مزید بری خبر یہ ہے کہ ملک میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 5 پیسے اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔سی پی پی اے نے اپنی درخواست میں بجلی کی قیمت فی یونٹ 4 روپے 5 پیسے اضافے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل میں 13 ارب 55 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئیجس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10 روپے 66 پیسے فی یونٹ رہی، اپریل کے لئے ریفرنس لاگت 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ پانی سے 18 اعشاریہ 55 فیصد، کوئلے سے 16 اعشاریہ 74 فیصد اور فرنس آئل سے 12 اعشاریہ 7 فیصد بجلی پیدا کی گئی، فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 28 روپے 19 پیسے فی یونٹ رہی، اپریل میں مقامی گیس سے 9 اعشاریہ 85 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 19 اعشاریہ 42 فیصد، جوہری ایندھن سے 17 اعشاریہ 37 فیصد اور ہوا سے 3 اعشاریہ 59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا میں 31 مئی کو سماعت کی جائے گی، حتمی فیصلہ اتھارٹی سماعت کے بعد کرے گی، بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 59 ارب 45 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے ہے۔

 

 

ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 6 ہزار580 میگاواٹ ہوگیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)ملک میں بجلی کی پیداوار 19 ہزار 420 میگا واٹ رہ گئی جب کہ طلب 26 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔ پاور ڈویڑن ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایندھن کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوارمزید کم ہو گئی ہے اور بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 6 ہزار580 میگاواٹ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار 19 ہزار 420 میگاواٹ رہ گئی ہے اور بجلی کی کل طلب 26 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے، اس وقت میں ملک کے مختلف علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی پاور پلانٹس کو کوئلے اور ایل این جی کی پوری مقدار نہیں مل رہی، ایندھن کی کمی سے کوئلے اور ایل این جی والے پلانٹس بند ہونے سے پیداوار میں کمی آئی، حکومت نے ایل این جی کے سودے کر لئے ہیں اور رسد کیلئے ڈالروں میں ادائیگی ضروری ہے، لیکن ادائیگی نہ ہونے سے ایندھن کی فراہمی نہیں ہو رہی۔ذرائع پاور ڈویڑن کے مطابق سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 84 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 10 ہزار 156 میگاواٹ ہے، ہوا سے 700ہزار میگاواٹ سولر سے بجلی کی پیداوار 112 میگاواٹ ہے، بگاس سے چلنے والے پاور پلانٹس 166 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے بجلی کی پیداوار 2 ہزار 274 میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 916 میگاواٹ ہے، بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے۔

 

 

پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی ڈی سیٹ ہوگئے

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کرلیا ہے۔ڈی سیٹ ہونے والے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی میں راجہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، علیم خان، نذیر چوہان، محمد امین زلقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، زوار وڑائچ، نزید احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمی کاردار، ملک اسد، اعجاز مسیح، سبتین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات شامل ہیں۔

 

 

آج اس گھناؤنی سیاست کاایک اور باب بندہوگیا،اسدعمر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کہنا ہے کہ آج اس گھناؤنی سیاست کا ایک اور باب بند ہوگیا۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے الیکشن کمشین کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ لوگ پیسہ لگا کر حکومت میں آتے ہیں اور مزید پیسہ کماتے ہیں، ارکان خریدے جاتے ہیں، سینیٹ کی سیٹیں خریدی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سیاست کے خلاف جہاد عمران خان نے کیا، یہ 25 لوٹے اب ارکان اسمبلی نہیں رہے۔اسد عمر نے کہا کہ میں ان لوٹوں پر کروڑون روپے کی سرمایہ کاری کرنے والوں سے اظہار ہمدردی کرنا چاہتا ہوں، یہاں سیاسی پارٹیوں نے سیاست کو کاروبار کے طور پر استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ اب مشوروں کا وقت ختم، نئے الیکشن کا اعلان کریں۔

 

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61445