Chitral Times

حکومت کی اگلے ماہ کے بجلی بلز میں واضح ریلیف کی یقین دہانی

Posted on

حکومت کی اگلے ماہ کے بجلی بلز میں واضح ریلیف کی یقین دہانی

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)حکومت نے اگلے ماہ کے بجلی بلز میں واضح ریلیف دینے کی یقین دہانی کرادی۔وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مہینے کے بجلی کے بلوں میں واضح ریلیف ملے گا، جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث اگست میں بلز میں 10 روپے کا اضافہ ہوا، مگر جون کے مقابلے میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اب کم ہو کر 22 پیسے رہ گئی ہے، لہذا عوام کو اگلے مہینے کے بجلی بلوں میں ریلیف دیا جائے گا۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ اس مہینے بھی بجلی بلوں کچھ بہتری آئے گی، مگر اگلے مہینے سے عوام کو بجلی بلوں میں واضح ریلیف دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے 200 اور پھر 300 یونٹ والوں کو 55 ارب کا ریلیف دے چکے ہیں، سیلاب زدگان کیلئے بھی 10 ارب کا ریلیف دیا جا چکا ہے، عوام کی بہت بڑی تشویش اگلے مہینے دور ہو جائے گی۔

 

 

پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل، پھیپھڑوں کے علاج کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف

پشاور(سی ایم لنکس)پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں دل اور پھیپھڑوں کے علاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروادی گئی۔ترجمان پی آئی سی رفعت انجم نے بتایا ہے کہ جدید ایکمو مشین کی مدد سے دل اور پھیپھڑوں کے علاج کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر جدید مشین کی سہولت کمزور مریضوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایکمو مشین پر ہر مریض کے علاج کا خرچہ 30 لاکھ روپے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکمو ٹیکنالوجی پر علاج کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 

کے پی حکومت کا سیلاب فنڈ کی 20 فیصد امداد بلوچستان کو دینے کا فیصلہ

پشاور(چترال ٹایمز رپورٹ)خیبرپختون خوا حکومت نے سیلاب کے امدادی فنڈ میں سے 20 فیصد رقم بلوچستان کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان محمود خان نے کہا ہے کہ کے پی حکومت نے جمع شدہ رقم کا 20 فیصد صوبہ بلوچستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبہ بلوچستان کے لیے 7 میڈیکل ٹیمیں بھی آج روانہ ہوں گی۔محمود خان نے کہا کہ نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد اور صحبت پور میں خیبر پختونخوا حکومت کی لائیو اسٹاک ٹیمیں پہلے سے موجود ہیں، بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ گھروں کی بحالی کے لیے مالی امداد کی فراہمی کل ضلع ڈی آئی خان سے شروع کی جائے گی، مکمل تباہ شدہ مکانات کے لیے 4 لاکھ جبکہ جزوی نقصان زدہ کو 1.6 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

 

صدر مملکت نے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)صدر مملکت نے عید میلاد النبی ﷺپر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے حضور ﷺکے یوم پیدائش کی خوشی کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی منظوری دی۔ سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہو گا۔سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری، ڈکیتی، اغوا اور دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہو گا جبکہ سزا میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہو گا۔سزاؤں میں کمی کا اطلاق 65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے ان پر ہو گا اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکے ہوں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ صدر مملکت عارف علوی نے سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
66699