Chitral Times

وزیراعلیٰ کا صوابی میں بننے والے اُتلہ ڈیم پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت

Posted on

وزیراعلیٰ کا صوابی میں بننے والے اُتلہ ڈیم پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمو د خان کی زیر صدارت گزشتہ روز ضلع صوابی خصوصا ًحلقہ این اے۔18 کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اُتلہ ڈیم کی تعمیر ، حالیہ سیلابوں سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، رکن صوبائی اسمبلی رنگیز احمد کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ذاکر حسین آفریدی متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوابی میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے متاثرہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے درکار فنڈز کا تخمینہ ایک ارب روپے لگایا گیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کی منظوری کیلئے سمری بھی تیار کی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ سمری کو جلد سے جلد پراسس کیا جائے تاکہ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے کاموں کیلئے بروقت فنڈز کا اجراءکیا جا سکے ۔

 

گدون کو تحصیل کا درجہ دینے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر صوابی کو اس سلسلے میں جلد کیس تیار کرکے مزید پراسس کیلئے بورڈ آف ریونیو کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوابی میں بننے والے اُتلہ ڈیم پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ صوابی میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے جس کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔اُنہوں نے محکمہ خزانہ کے حکام کو اس منصوبے کیلئے رواں مالی سال کے دوران درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اُتلہ ڈیم کی تعمیر سے صوابی کے 13 دیہاتوں کی 40 ہزار سے زائد آبادی کو پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے محکمہ کھیل کے حکام کو بام خیل سپورٹس کمپلیکس کو کیٹگری اے سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے درکار اضافی اراضی فراہم کرنے کیلئے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے انتظامی سیکرٹریز کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ محکمے کے تحت ضلع صوابی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے ٹھو س اقدامات اُٹھائیں تاکہ لوگ بلا تاخیر ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔

 

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مردان میں مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹے کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
درایں اثناء وزیر اعلی نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میرانشاہ میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے دوران پاک فوج کے ایک سپاہی کی شہادت پر بھی تعزیت کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
64333