Chitral Times

اووربلنگ کرنے پر 3 سال قید، نیپرا نے بل منظور کر لیا

Posted on

اووربلنگ کرنے پر 3 سال قید، نیپرا نے بل منظور کر لیا

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اوور بلنگ پر 3 سال قید کی سزا کا بل منظور کر لیا۔وزارت توانائی کے مطابق قومی اسمبلی نے ڈسکوز میں اوور بلنگ پر قانون سازی کی منظوری دیدی ہے۔نیپرا ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے بلاوجہ ہراساں کئے جانے سے بچنے کے لیے رولز میں تبدیلی کر دی گئی ہے، جس کے بعد ایف آئی اے صرف نشاندہی کرے گی، افسران کی گرفتاری کا اختیار نہیں ہو گا۔دریں اثناء وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نیپرا ایکٹ میں ترمیم سے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، اس شق سے اوور بلنگ اور غلط بلنگ کرنے والے افسران کی پکڑ ہو سکے گی۔ آئندہ ایف آئی اے نہیں، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی اوور بلنگ پر کارروائی کرے گی۔

 

 

تربیلا کا پانچواں توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سالانہ 1.347 بلین یونٹس فراہم کرے گا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)تربیلا کا 5واں توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ٹی فائیو تکمیل کے بعد نیشنل گرڈ کو سالانہ 1.347 بلین کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے یونٹس فراہم کرے گا۔ واپڈا حکام نے کہا ہے کہ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 پر 1530 میگاواٹ کا تربیلا 5واں توسیعی پن بجلی منصوبہ تعمیر کر رہا ہے۔منصوبے سے بجلی کی پیداوار آئندہ سال شروع ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے تحت 510 میگاواٹ کی پیداواری یونٹ لگائے جائیں گے۔ورلڈ بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اس منصوبے کے لیے بالترتیب 390 اور 300 ملین امریکی ڈالر فراہم کر رہے ہیں۔ منصوبہ کی تکمیل سے تربیلا کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
88411