Chitral Times

پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا انصاف ایجوکیشن کارڈ متعارف، 2,44000 ہزار طلبہ مستفید ہوں گے. صوبائی وزیر کامران بنگش

Posted on

پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا انصاف ایجوکیشن کارڈ متعارف، 2,44000 ہزار طلبہ مستفید ہوں گے. صوبائی وزیر کامران بنگش
انصاف ایجوکیشن کارڈ پر سالانہ ایک ارب روپے کی لاگت آئے گی، باقاعدہ تقریب جلد ہوگی
دو سال کے اندر 18 جامعات کو مالی بحران سے نکال کر باہر لے آئے ہیں، صوبائی وزیر

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) “پاکستان تحریک انصاف نے پی ڈی ایم کے مذہب کارڈ، نیب کارڈ، غداری کارڈ کے مقابلے میں صحت کارڈ اور راشن کارڈ کے بعد اب انصاف ایجوکیشن کارڈ کا نیا نظام بھی متعارف کرادیا ہے،خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی قیادت میں پاکستانی تاریخ میں اپنی نوعیت کے اس سے ایجوکیشن کارڈ کے نظام سے 2 لاکھ چوالیس ہزار طلبہ مستفید ہوں گے۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں محکمہ اعلی تعلیم نے پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کے اس پہلے ایجوکیشن کارڈ متعارف کرایا ہے جس سے لاکھوں طلبہ مستفید ہوں گے”۔

 

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران بنگش نے ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب میں کیا۔خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے بدھ کے روز ڈائیریکٹوریٹ آف آرکائیوز اینڈ لائبریری آڈیٹوریم ہال میں تعلیمی وظائف تقسیم کئے. صوبائی وزیر کامران بنگش نے خیبرپختونخوا ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن ملازمین کے بچوں کو مختلف مد میں چیک بھی حوالہ کئے، اس موقع پرانٹر و میٹرک لیول پر بورڈز کے ٹاپ تھری پوزیشن ہولڈرز میں چیک تقسیم کئے،انہوں نے کینسر میں مبتلا ملازمین کو بھی علاج معالجے کے کیش چیک بھی دئیے۔تقریب میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم داؤد خان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے پی ای ای ایف ظہور الہٰی بھی تقریب میں شریک تھے۔

 

تقریب سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن کے تحت میٹرک کی سطح پر پوزیشن ہولڈرز میں 20 ہزار ماہانہ وظیفہ ملے گا جبکہ انٹر لیول پر پوزیشن ہولڈرز میں 25 ہزار روپے ماہانہ دئیے جائیں گے. انجینئرنگ اور میڈیکل ڈگری کی تکمیل تک تعلیمی وظائف جاری رہیں گے. انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ایمپلائز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی خدمات قابل ذکر ہیں. 1986 میں اس فاؤنڈیشن کو قائم کیا گیا تھا تاکہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں۔خیبرپختونخوا ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن سے وابستہ افراد کے لیے ترقیاتی وژن پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کامران بنگش نے کہا کہ 160 کنال پر محیط ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن ہاؤسنگ سکیم پشاور میں پایہ تکمیل تک پہنچ چکی ہے،ڈی آئی خان، مردان اور دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی ملازمین کی ہاؤسنگ سکیمز کا قیام قابل عمل ہوسکتا ہے.

 

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کے تمام امور کو ڈیجیٹلائز کرکے ملازمین کو آسانیاں فراہم کی جائیں گی. انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ایجوکیشن ایمپلائز فاؤنڈیشن کے ساتھ 3 لاکھ سے زائد ملازمین وابستہ ہیں، جن کی فلاح اولین ترجیح ہونی چاہیے۔خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو بطور چیلنج قبول کیا ہے. دو سال کے اندر 18 جامعات کو مالی بحران سے نکال کر باہر لے آئے ہیں. انہوں نے کہا کہ مجھے جب ذمہ داری ملی تو بٹوارے کے بعد پہلی دفعہ ایک سال میں 15 نئے ڈگری کالجز بنائے گئے. جبکہ رواں سال صوبے میں 35 نئے کالجز تعمیر کر رہے ہیں۔ڈگری کالجز میں سٹاف کی کمی مکمل طور پر پوری کرنے کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر کامران بنگش نے کہا کہ مجموعی طور پر 2700 لیکچررز کی بھرتی کا عمل جاری ہے. جس سے کالجز میں طلبہ کو سٹاف کی کمی کی شکایت کا موقع نہیں ملے گا.

 

ڈگری کالجز نے منی جامعات کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔حال ہی میں متعارف کئے گئے انصاف ایجوکیشن کارڈ پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر کامران بنگش نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انصاف ایجوکیشن کارڈ متعارف کر چکے ہیں جس کی باقاعدہ شروعات عنقریب منظر عام پر لائیں گے. جس سے صوبے کے 2,44000 طلبہ کے تمام تعلیمی اخراجات کارڈ کے ذریعے ادا کئے جائیں گے. انہوں نے کہا کہ انصاف ایجوکیشن کارڈ کے ذریعے والدین پر تعلیمی بوجھ کم کر رہے ہیں. اپوزیشن مذہب کارڈ، غداری کارڈ کھیلیں، پی ٹی آئی صحت کارڈ، راشن کارڈ اور تعلیم کارڈ کھیلے گی. تاکہ عوامی خدمت میں کوئی کمی نہ رہ سکے۔kamran bangash minister higher education kp distributing cheques

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65843