Chitral Times

پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں، نگران حکومت

Posted on

پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں، نگران حکومت

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ) نگران حکومت نے واضح کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مروجہ انتخابی قوانین کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق حاصل ہے، نگران وزیراعظم کے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیئے گئے انٹرویو میں ریمارکس کو غلط رپورٹ کیا گیا۔وزارت اطلاعات نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیئے گئے انٹرویو کے اصل متن کا حوالہ دیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نگران وزیراعظم واضح طور پر یہ تجویز کر رہے تھے کہ انتخابات میں حصہ لینا ایک حق ہے لیکن جرائم پر سزا قانونی طور پر جائز ہے۔ وزارت اطلاعات نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ انٹرویو کے ایک حصہ کو توڑ مروڑ کر یہ تاثر دیا گیا کہ کسی مخصوص شخص کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزارت اطلاعات نے وزیراعظم کے انٹرویو کے متن کی طرف توجہ مبذول کرائی جس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ”ہم کسی سے ذاتی انتقام نہیں لے رہے لیکن اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ قانون سب سے اہم ہے، چاہے عمران خان ہو یا کوئی اور سیاستدان، کوئی بھی ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر قانون لاگو ہوگا، ہم اسے سیاسی تفریق کے مترادف قرار نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات عمران خان یا ان کی پارٹی کے اْن ارکان کے بغیر بھی ہو سکتے ہیں جو جیلوں میں ہیں کیونکہ وہ عمران خان کی مئی میں گرفتاری کے بعد توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤسمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

 

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ عمران خان کی پارٹی کے ہزاروں لوگ جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں وہ سیاسی عمل اور انتخابات میں حصہ لیں گے۔“ وزارت اطلاعات نے اپنے باضابطہ بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی اور اس کے رہنما کسی بھی دوسری جماعت کی طرح انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں۔ یہ واضح کیا گیا ہے کہ مجموعی طور پر پی ٹی آئی یا پارٹی کے کسی بھی رہنما کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر شہری قانون کے سامنے برابر ہے اور قانونی الزامات کا سامنا کرنے والے کسی بھی فرد کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے اور نگران حکومت کے پاس نہ تو عدالتوں پر اثر انداز ہونے کا کوئی اختیار ہے نہ ارادہ۔ مزید واضح کیا جاتا ہے کہ کوئی شخص قانونی یا عدالتی فورم کے کسی حکم یا فیصلے سے متاثر ہوا ہے تو اسے ریلیف کے لئے اگلے عدالتی فورم سے رجوع کرنے کا آئینی طور پر ضمانت شدہ حق حاصل ہے۔نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے۔ نگراں حکومت انتخابات کے انعقاد کے لئے آئینی اور قانونی ڈھانچے کی حمایت کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور آزاد عدلیہ کے تمام احکامات اور ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔

 

عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی گئی

لاہور(سی ایم لنکس)لاہور ہائی کورٹ نے صحافی اور یوٹیوبر عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔پولیس افسران نے عدالت کے روبرو رپورٹ پیش کر دی اور بتایا کہ عمران ریاض خان گھر پہنچ گئے ہیں۔پولیس افسران کی رپورٹ کے بعد عدالت نے یہ درخواست نمٹا دی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صحافی اور یوٹیوبر عمران ریاض خان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے تھے۔ڈی پی او سیالکوٹ حسن اقبال نے بتایا تھا کہ عمران ریاض کو بحفاظت گھر پہنچا دیا گیا ہے، وہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ ہیں۔خیال ریے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے رواں سال فروری میں عمران ریاض خان کو لاہور سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا، انہیں متنازع بیان دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے پہلے بھی جولائی 2022ء میں امیگریشن حکام نے ضمانت پر رہا اینکر عمران ریاض خان کو لاہور سے دبئی جانے کی کوشش پر آف لوڈ کر دیا تھا۔ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق اینکر عمران ریاض نے لاہور ایئر پورٹ سے دبئی جانے کی کوشش کی تاہم نام بلیک لسٹ میں ہونے پر انہیں آف لوڈ کر کے واپس گھر بھجوا دیا گیا تھا۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79555