Chitral Times

الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج، کوائف کی درستگی کی تاریخ میں توسیع کر دی

Posted on

الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج، کوائف کی درستگی کی تاریخ میں توسیع کر دی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کے اندراج اور کوائف کی درستگی کی تاریخ میں 28 اکتوبر تک توسیع کر دی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج اور کوائف کی درستگی کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس سے درخواست ہے وہ اس سے استفادہ کریں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ عوام الناس 28 اکتوبر تک اپنے ووٹ کے اندراج، ٹرانسفر، اخراج اور درستگی کو یقینی بنائیں، اس سے قبل الیکشن کمیشن نے آخری تاریخ 25 اکتوبر دی تھی۔

 

پاکستان کا غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی(سی ایم لنکس)پاکستان نے غوری ویپن سسٹم کی ٹریننگ لانچنگ کا کامیاب تجربہ کیا جس کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور تکنیکی تیاری کو جانچنا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر اے ایس ایف سی نے آرمی اسٹریٹجک فورسز کی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کے معیار کو سراہا۔ ٹیسٹ کی عکاسی میدان میں ہتھیاروں کے نظام کی مہارت اور آپریشنل اور تکنیکی مقاصد کے حصول سے ہوتی ہے۔صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس اور سروسز چیفس نے تربیتی لانچ کے کامیاب انعقاد پر شریک افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔لانچنگ کا مشاہدہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ، اسٹریٹجک فورسز کے سینیئر افسران، اسٹریٹجک تنظیم کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

خنجراب پاس سے لے کر سوات تک سیاحت کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے،نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خنجراب پاس سے لے کر سوات تک کے علاقے میں سیاحت کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نیمعروف کاروباری شخصیت اور پاکستان سروسز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مرتضیٰ ہاشوانی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی کاروباری استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مرتضیٰ ہاشوانی نے وزیراعظم کو ملک میں معاشی استحکام لانے کی کامیاب کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ملک کی کاروباری کمیونٹی اور حکومت کے مابین کاروباری اشتراک کی تجویز پیش کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ خنجراب پاس سے لے کر سوات تک کے علاقے میں سیاحت کی لامحدود استعداد موجود ہے، پاکستانی کاروباری کمیونٹی اور چینی تعاون کے ذریعے خنجراب پاس سے لے کر سوات تک کے علاقے کے سیاحت کے شعبے میں خاطر خواہ کام کیا جا سکتا ہے۔ملاقات میں سیاحتی مقامات پرموجود سرکاری ملکیتی عمارتوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کے لیے بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80756