Chitral Times

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں مکمل کرنے کی تاریخ 30 نومبر مقرر کردی

Posted on

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں مکمل کرنے کی تاریخ 30 نومبر مقرر کردی

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا دورانیہ مزید کم کرکے تاریخ 30 نومبرمقرر کردی۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت، فیڈ بیک اور حلقہ بندی کے کام کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لیے حلقہ بندی کے دورانیے کو مزید کم کر دیا ہے، اب حلقہ بندی کی حتمی اشاعت 30 نومبر کوہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندی کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد جتنا جلدی ممکن ہوسکے الیکشن کا انعقاد ہے، اس تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔

 

نگراں وزیرِ اعظم کا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں اسمگلنگ کا نوٹس

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے پیٹرولیم مصنوعات اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں اسمگلنگ کا نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آج اجلاس طلب کر لیا۔نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کی جانب سے وزارتِ خزانہ، تجارت، پیٹرولیم اور ایف بی آر حکام کو اجلاس کے لیے طلب کیا گیا ہے۔نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ وزارتوں کے حکام کو قابلِ عمل حل کی تجاویز تیار کر کے اجلاس میں ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانزٹ ٹریڈ اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے سالانہ 300 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد کی گئی بیشتر مصنوعات پاکستان میں ہی فروخت کی جا رہی ہیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے خزانے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

 

صدرڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دیدی ہے، قومی اقتصادی کونسل کے کل 13 ممبران ہیں، وزیر اعظم پاکستان چیئرمین ہوں گے۔ جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قومی اقتصادی کونسل ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لینے اور مالیاتی، تجارتی،معاشرتی اور اقتصادی پالیسیز کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ذمہ دار ہے۔ صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 156 ایک اور رولز آف بزنس کے تحت دی ہے۔قومی اقتصادی کونسل میں وزیر اعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں۔ قومی اقتصادی کونسل میں چاروں صوبوں سے نگران حکومتوں کے نمائندے بھی شامل ہیں، پنجاب سے نگران وزیر توانائی و انڈسٹری، کامرس، سرمایہ کاری اور ہنر مندی ایس ایم تنویر کونسل میں شامل کئے گئے ہیں۔سندھ سے وزیر خزانہ، محصولات، منصوبہ بندی و ترقی،محمد یونس ڈاگھا، خیبر پختونخوا سے وزیر خزانہ، محصولات، ایکسائز، ٹیکسیشن اور انسداد منشیات احمد رسول بنگش، بلوچستان سے وزیر خزانہ و محصولات امجد رشید کو قومی اقتصادی کونسل میں شامل کیا گیا ہے۔وفاق سے وزیر خزانہ، محصولات، اقتصادی امور اور نجکاری بھی کونسل کے ممبر ہوں گے۔ وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور وفاقی وزیر ِمواصلات، ریلویز و بحری امور بھی کونسل میں شامل ہوں گے۔ قومی اقتصادی کونسل میں نگران وفاقی وزیر توانائی اور پٹرولیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78549