Chitral Times

قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو عارضی قیام کی اجازت دیدی گئی، نوٹیفکیشن جاری

Posted on

قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو عارضی قیام کی اجازت دیدی گئی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ )قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں عارضی رہنے کی اجازت دینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پی او آر یا اے سی سی کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان مہاجرین کو تحفظ حاصل ہو گا۔وفاقی کابینہ کے آئندہ فیصلے تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین عارضی قیام کر سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو گرفتار نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت سرحدی و ریاستی امور نے کہا تھا کہ قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین کو جبری واپس نہ بھیجا جائے۔وزارتِ سیفران کا کہنا تھا کہ پروف آف رجسٹریشن اور افغان سٹیزن کارڈ والوں کو عارضی طور پر رہنے کی اجازت ہے۔

 

 

عوام کے ٹیکسوں سے اداروں کا خسارہ پورا کرنا مزید ممکن نہیں، نگران وزیراعظم

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور خسارے کے شکار دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل مزید تیز کیا جائے۔نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس کو پی آئی اے کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دوران اجلاس نگران وزیرِ اعظم نے پی آئی اے کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکسوں سے ان اداروں کا خسارہ پورا کرنا مزید ممکن نہیں۔ ہوا بازی شعبے کی اصلاحات سے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خسارے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اس کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ اداروں کی نجکاری کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔دوسری طرف آج نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑکی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ نگران وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ امن و امان کی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ بھی دی گئی۔ذرائع کے مطابق نگران وفاقی کابینہ نے ڈپٹی چیئرمین نیب کی تقرری کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے نیب پراسیکیوٹر جنرل کیلئے احتشام قادر کی تقرری کی منظوری دیدی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80150