Chitral Times

پرویز الہٰی کو عدالت پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر کے وارنٹ گرفتاری جاری

Posted on

پرویز الہٰی کو عدالت پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور(چترال ٹایمزرپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو عدالت پیش نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔لاہور ہائیکورٹ میں صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کی بازیابی کیلئے اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کی، ڈی پی او اٹک اور سی پی او راولپنڈی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔جسٹس مرزا وقاص رؤف نے ریمارکس میں کہا کہ آپ اپنے سارے کام چھوڑ کر دوسری مرتبہ یہاں آئے ہیں، مت بھولیے آپ سب کے کیریئر پڑے ہیں۔عدالت کی جانب سے جاری شوکاز پر ڈی پی او اٹک اور سی پی او راولپنڈی نے نوٹس کا جواب جمع کروا دیا، عدالت نے دونوں افسران کے خلاف جاری شوکاز نوٹس واپس لے لئے۔دوران عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی اسلام آباد کہاں ہیں، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی اسلام آباد کی طرف سے جواب آیا ہے، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہم نے آئی جی کو طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں کیا آپ عدالتی احکامات کو ایزی لے رہے ہیں، ہم نے پہلے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت آئی جی اسلام میں مصروف ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ آئی جی اسلام آباد سے پوچھ کر بتائیں کیسے آنا چاہیں گے۔بعد ازاں عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہ کرانے پر متعلقہ ایس پی کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک کے پیش نہ ہونے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا، عدالت عالیہ نے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

 

پرویز الہٰی کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر

لاہور(سی ایم لنکس) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے درخواست وکیل طاہر نصراللہ وڑائچ کی وساطت سے دائر کی گئی، درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الہٰی کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ روز رہا کرنے کا حکم دیا، عدالتی حکم کے باوجود سابق وزیراعلیٰ کو رہا نہیں کیا گیا، صدر پی ٹی ا?ئی اس وقت بھی اینٹی کرپشن کی تحویل میں ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پرویز الہٰی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے، عدالت سابق وزیراعلیٰ کو بازیابی کے بعد رہا کرنے کا حکم دے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل محکمہ? اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی کو راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا، گزشتہ روز لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلیفونک ملاقات نہ کروانے پر رپورٹ طلب

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ) خصوصی عدالت برائے آفیشل سیکرٹ ایکٹ نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلیفونک ملاقات نہ کروانے پر رپورٹ طلب کر لی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل میں بیٹوں سے ٹیلیفونک ملاقات نہ کروانے پر سماعت ہوئی، جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں پراسیکیوٹر راجا نوید اور پی ٹی آئی وکیل شیراز رانجھا پیش ہوئے۔دوران سماعت وکیل شیراز رانجھا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس میں سزا یافتہ نہیں، جوڈیشل ریمانڈ پر اٹک جیل میں ہیں، سیکرٹ ایکٹ یا پنجاب جیل قوانین مجرمان پر لاگو ہوتے ہیں، سابق وزیِرِ اعظم سائفر کیس میں تاحال مجرم نہیں ہیں۔پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ پنجاب پریزنرز قوانین سزا یافتہ مجرمان پر نافذ ہوتے ہیں، تمام ملزمان کو اٹک جیل میں ٹیلیفونک ملاقات کرنے کی سہولت حاصل ہے، دو تین سال سے ٹیلیفونک ملاقات کی سہولت قیدیوں کو ملی ہوئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی سے بچوں سے ٹیلیفونک ملاقات نہ کروانا ناانصافی ہے۔پی ٹی آئی وکیل نے سپریٹنڈنٹ اٹک جیل کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کرنیکی بھی استدعا کردی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اوپن کورٹ میں فیصلہ تحریر کروایا، پی ٹی آئی وکیل شیراز رانجھا نے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ 26 ستمبر کو چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہو رہا ہے، سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سے میں خود بھی بات کروں گا، کیا معلوم سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ معاملات وہیں حل ہو جائیں۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلیفونک ملاقات پر سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79283