Chitral Times

آئندہ عام انتخابات میں نتائج کی وصولی کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم تیار

آئندہ عام انتخابات میں نتائج کی وصولی کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم تیار

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات سے متعلق تیاریاں جاری ہیں، اس حوالے سے آئندہ عام انتخابات میں نتائج کی وصولی کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم تیارکرلیا گیا۔الیکشن کمیشن نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر الیکشن عملے کی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے، جبکہ ٹریننگ کے حوالے سے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو بھی مراسلے لکھ دئیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق ای ایم ایس پر آپریٹرز کو 14تا16 ستمبر تک ٹریننگ دی جائے گی، جبکہ ریجنل،صوبائی اورضلعی الیکشن کمشنرز کو جولائی میں ٹریننگ دی جاچکی ہے۔الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات میں نتائج کی وصولی کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کریگا۔واضح رہے کہ آئندہ عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

ہائیکورٹ کے 11 ججز کو 36 کروڑ کے قرض منظوری کا فیصلہ چیلنج

لاہور(سی ایم لنکس) عدالت عالیہ کے 11 ججز کو بلاسود 36 کروڑ روپے کی قرضے کی منظوری کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہری مشکور حسین کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں چیف سیکرٹری، سکرٹری فنانس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ججز کو بلاسود قرض فراہم کرنا غیر قانونی اقدام ہے، ججز پہلے ہی بے شمار مراعات حاصل کر رہے ہیں، عوام کے ٹیکس کے پیسے کا نگران حکومت بے دریغ استعمال نہیں کر سکتی۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ نگران حکومت کی جانب سے ججز کو قرضے دینے کی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دے، عدالت ججز کو قرضے دینے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے، پٹیشن کے حتمی فیصلے تک ججز کو قرضہ دینے کا اقدام معطل کیا جائے۔

 

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78974