Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

88اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹا دیے، حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع،اس کے بعد عام انتخابات کے انتخابی شیڈول کا اجرا کیاجائیگا،الیکشن کمیشن

Posted on
شیئر کریں:

88اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹا دیے، حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع،اس کے بعد عام انتخابات کے انتخابی شیڈول کا اجرا کیاجائیگا،الیکشن کمیشن

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن نے اب تک 88اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹا دیے ہیں، حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی جس کے بعد عام انتخابات کے انتخابی شیڈول کا اجرا کیاجائیگا۔ ای سی پی ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت کی جانیوالی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو جاری کی گئی تھی جس کے بعد 27 اکتوبر تک اس پر اعتراضات مانگے گئے تھے۔ یہ اعتراضات نمٹانے کے لئے الیکشن کمیشن نے 2 بینچ تشکیل دیے جہاں روز انہ کی بنیاد پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹائے جا رہے ہیں۔کمیشن کے مطابق اب تک ضلع اسلام آباد، شکار پور، جیکب آباد، کشمور، سیالکوٹ، خضدار، راجن پور، کرم، خیبر، ننکانہ صاحب، اٹک، جہلم، کوہاٹ، کورنگی، خوشاب، بہاولپور، سکھر، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساؤتھ کراچی، لوئر دیر، ہنگو، اوکزئی، ملتان، جھنگ، مہمند، مانسہرہ، طورغر، بٹگرام، عمر کوٹ، کراچی ویسٹ، سنٹرل کراچی، کیماڑی، ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، باجوڑ، لکی مروت، شانگلہ، بونیر، ڑوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، رحیم یارخان، نارووال، راولپنڈی، مری، لیہ، تھرپارکر، بدین، شہدادکوٹ، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، فیصل آباد، جامشورو، صوابی، سرگودھا، میانوالی، ٹھٹھہ،اپر دیر، کرک، مظفر گڑھ، بھکر، خیرپور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، تونسہ، وہاڑی، کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، چاغی، خاران، واشک، حافظ آباد، گوجرانوالہ،قصور، ڈی آئی خان، ٹانک، پشاور، ملیر، سانگھڑ، سوات، ہری پور، چکوال، تلہ گنگ، پشین اور زیارت کے اضلاع میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پر اعتراضات نمٹائے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 672، سندھ میں 228، خیبر پختونخوا میں 293، بلوچستان 124 او ر اسلام آباد میں نئی حلقہ بندیوں پر 7 اعتراضات موصول ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ عا م انتخابات کے لئے 8 فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے،30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے بعد عام انتخابات کے مکمل شیڈول کا اعلان کیاجائیگا۔

دنیا کے لیے کوئی پابندی نہیں، افغانیوں کو درست دستاویزات کے ساتھ پاکستان میں کاروبار کرنا چاہیے، نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ افغانیوں سمیت عالمی برادری پر درست دستاویزات کے ساتھ پاکستان میں کاروبار کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ ایک نجی ٹیلی ویڑن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری ویزہ اور درست دستاویزات کے بغیر کاروباری مقاصد کے لیے افغانستان میں داخل نہیں ہو سکتے،ہر ملک میں داخلے کے لیے قواعد و ضوابط ہوتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کسی بھی شہریت رکھنے والے کو مناسب دستاویزات کے ساتھ تجارت اور کاروبار شروع کرنے کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شروع کی گئی مہم کے بعد دو لاکھ سے زائد افغان باشندے پاکستان چھوڑ چکے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کے مسائل کا سامنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ افغان لوگ جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہ رہے تھے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔ امن کو پٹڑی سے اتارنے میں را کے ملوث ہونے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ را پاکستان میں پرامن ماحول کو سبوتاڑ کرنے کے لیے دہشت گرد گروپوں کی مالی معاونت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں سے شورش کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف کارروائی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ قومی اداروں کے خلاف جرم کے مرتکب پائے گئے ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو توڑ پھوڑ پاکستان میں ایک المناک واقعہ تھا۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی اس ملک کے سیکورٹی اداروں کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81689