Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

40 ہزار روپے مالیت کے 175 ارب روپے کے بانڈز واپس ہوئے،ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سونگز

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی) حکومت کی جانب سے 40 ہزارروپے مالیت کے بانڈز کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد17 ستمبر 2019 تک 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے 175 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کئے ہیں، ان بانڈز میں سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 259 ارب روپے ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سونگز (سی ڈی این ایس) کے حکام نے سرکاری خبررساں ادارے کو بتایا کہ ادارے کو توقع ہے کہ ستمبرکے اختتام تک اس بانڈ میں سرمایہ کاری کرنے والے 194 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کریں گے۔جولائی اور اگست 2019 میں ان بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے بالترتیب 40 اور112 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کیے۔سٹیٹ بنک نے رواں سال 24 جون سے تمام کمرشل بنکوں کو 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز فروخت بند کرنے کا سرکلر جاری کیاتھا، ان بانڈز کو 31 مارچ 2020 تک واپس کرکے اس کے بدلے بینک اکاؤنٹس میں کیش لینے کی مہلت دی گئی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ سی ڈی این ایس نے ماہ ستمبر کیلئے مختلف سکیموں پر منافع کی شرح میں کسی قسم کے ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل مختلف سرٹیفیکٹس اورسکیموں پر منافع کی شرح بڑھا دی گئی تھی تاکہ شہریوں کو قومی بچت کی طرف راغب کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جاری مالی سال کیلئے قومی بچتوں کے ہدف میں 350 ارب روپے اضافہ کا اضافہ کیا گیاہے، گزشتہ مالی سال میں یہ ہدف 324 ارب روپے تھا۔جاری مالی سال کیلئے مجموعی ہدف 1570 ارب روپے مقرر کیا گیاہے۔30 جون 2019 تک سی ڈی این ایس نے 410 ارب روپے کی بچتیں حاصل کیں جبکہ ہدف 324 ارب روپے تھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
26668