Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

356 پن بجلی گھر پراجیکٹس جلد از جلد مکمل کرلئے جائیں۔ تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔۔عاطف

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے توانائی کی ضروریات پورے کرنے کیلئے متعدد چھوٹے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں۔ جن کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ رانولیا 17میگا واٹ پاور پلانٹ اور درال خوڑ 36میگاواٹ پاور پلانٹ مکمل ہوچکے ہیں جنکا عنقریب افتتاح کیا جائیگا۔ جبکہ مچئی پاور پلانٹ مردان آپریشنل ہے جسکی پیداواری صلاحیت 2.6میگا واٹ ہے ۔ وہ پشاور میں انرجی اینڈ پاور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اس موقع پر سیکرٹری انرجی اینڈ پاور انجینئر محمد نعیم خان ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر KPOGCLرضی الدین ، چیف پلاننگ آفیسر زین اللہ شاہ اور دیگر موجود تھے۔ صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی شروع کردہ ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں 40.8میگاواٹ کوٹو پاور پلانٹ ، 10.8میگاواٹ جبوڑی پاور پلانٹ اور 11.2میگاواٹ کروڑہ شانگلہ سال 2018میں مکمل کرلئے جائینگے۔ اور انکی بجلی جلد از جلد نیشنل گرڈ میں شامل کرلی جائیگی۔ اسی طرح 84میگاواٹ مٹلتان پاور پراجیکٹ اور 69میگاواٹ لاوی ہائیڈرو پاور پراجیکٹس بھی بہت جلد مکمل کرلئے جائینگے۔ محمد عاطف خان نے انرجی اینڈ پاور کے حکام کو ہدایات جاری کی کہ 356 چھوٹے پن بجلی گھر پراجیکٹس جلد از جلد مکمل کرلئے جائیں۔ اوراس ضمن میں کوئی بھی تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔ اور کسی بھی قسم کی تاخیر کی صور ت میں ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 672منی مائیکرو ہائیڈل پراجیکٹس بھی شروع کررکھے ہیں جس کے ذریعے پورے صوبے میں یہ پلانٹس لگائے جائیں گے۔ منی مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹس کی تکمیل سے صوبے کی ایک ملین آبادی کو بجلی کی سہولیات مل سکے گی۔ محمد عاطف خان نے انرجی اینڈ پاور کے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ 672منی مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹس پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کیلئے چھوٹے پلانٹس کیلئے 6ماہ اور بڑے پلانٹس کیلئے 9ماہ کا دورانیہ رکھا جائے اور اس پراجیکٹ کی تکمیل میں مزید کوئی اضافی ٹائم نہیں دیا جائیگا۔ جبکہ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی غرض سے ٹینڈر زونز میں تقسیم کردیا جائیگا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ حکومت نے پن بجلی کے ساتھ ساتھ سولر پراجیکٹس پر بھی کام شروع کررکھا ہے جن میں 8000سکولز کی سولرائزیشن جسکی کل پیداواری صلاحیت 50میگاواٹ ہے اسکے علاوہ 5600 گھروں میں سولر کا نظام جسکی پیداواری صلاحیت 2میگاواٹ ہے اور 4000مساجد میں سولر کا نظام جسکی پیداوار ی صلاحیت 10میگا واٹ ہے ، شامل ہیں۔ اسکے علاوہ 187 بی ایچ یوز کو بھی سولرائز کیا جارہا ہے جسکی ٹوٹل پیداواری صلاحیت 5میگاواٹ ہے ، یہ تمام پراجیکٹس 6مہینوں کے اندر اندر مکمل کرلئے جائینگے۔ ان ہائیڈ ل اور سولر پراجیکٹس کی تکمیل سے نہ صرف بجلی بحران پر قابو پایا جاسکے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
4054