Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

300میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے معاہدے پر دستخط

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) 300 میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے خیبرپختونخوا حکومت اور چینی تعمیراتی کمپنی کے مابین کنٹریکٹ ایگریمنٹ پر دستخط کئے گئے ۔ اس سلسلے میںایک تقریب منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان تھے ۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے توانائی حمایت اﷲ، ، سیکرٹری توانائی اور دیگر متعلقہ حکام بھی تقریب میں شریک تھے ۔ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ توانائی کے شعبے میںصوبائی حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے چھ سال کی مدت میںمکمل کیا جائے گاجس پر تقریباً 85 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مذکورہ منصوبے کو صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے نہایت اہم منصوبہ اور توانائی کے شعبے میں صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے مہینے کے وسط تک منصوبے کی تعمیر پر کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا اور توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود اس میگا منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کا شعبہ توانائی میں سب سے بڑا منصوبہ ہے جو بجلی کی پیداوار میں اضافے ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ، صنعتوں کی ترقی اورصوبے کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ منصوبے کی تکمیل سے صوبائی حکومت کو سالانہ 14 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے جبکہ منصوبے کی تعمیر کے دوران ملازمت کے چار ہزار سے زائد مواقع پیدا ہوں گے ۔اُنہوںنے کہاکہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل سے مقامی صنعتوں اور گھریلو صارفین کو سستے نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے گی ۔ وزیراعلیٰکا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں موجود پن بجلی کی استعداد سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ پیڈو کے تحت صوبے میں 160 میگاواٹ کے ہائیڈور پاور پراجیکٹس مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ 216 میگاواٹ کی مجموعی پیدواری استعداد کے حامل چھوٹے بڑے متعدد پن بجلی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔
<><><><><><><>

وزیراعلیٰ کی پشاور یں پولیس رائیڈر سکواڈ کی فائرنگ سے طالب علم کے جاںبحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز پشاور میں پولیس رائیڈر سکواڈ کی فائرنگ سے طالب علم کے جاںبحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے اعلی حکام کو واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں واقعہ کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہے ، وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کے پابند ہیں اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ واقعہ میں جاں بحق طالب علم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق طالب علم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
<><><><><><>
دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی غلام فاروق کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
<><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46198